اسلام آباد۔1جنوری (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام، رانا مشہود احمد خان نے پاکستان میں نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ کوششوں پر بات چیت کے لیے یو این ایف پی اے کی ڈپٹی نمائندہ لتیکا پردھان سے ایک تعمیری ملاقات کی۔
اس ملاقات میں نوجوانوں کے ترقی کے اشاریے، یوتھ ہیلپ لائن کے قیام اور نیشنل یوتھ کونسل کی صلاحیت سازی کے پروگرامز پر بات کی گئی۔دونوں فریقوں نے نوجوانوں کے لیے پالیسیوں اور اقدامات کی پیشرفت کو جانچنے کے لیے ایویڈنس بیسڈ ٹولز کی اہمیت پر زور دیا، اور نوجوانوں کے ترقی کے اشاریے کو بہتر بنانے کے لیے اہم تجاویز پیش کیں تاکہ قومی سطح پر نوجوانوں کے پروگراموں کی کارکردگی کو مزید موثر بنایا جا سکے۔
ملاقات میں یوتھ ہیلپ لائن کے قیام کو نوجوانوں کے مختلف مسائل بشمول دماغی صحت، تعلیم، روزگار اور تولیدی صحت کے معاملات کو حل کرنے کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا گیا۔ یہ ہیلپ لائن ایک واحد پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گی جو نوجوانوں کو رہنمائی اور مدد فراہم کرے گی، تاکہ پورے پاکستان میں نوجوانوں کے لیے اس کی رسائی ممکن بن سکے۔اس کے علاوہ نیشنل یوتھ کونسل کے ارکان کی صلاحیت سازی کے متعلق بھی گفتگو کی گئی۔
چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے نیشنل یوتھ کونسل کے ارکان کو قیادت کی مہارتوں، وکالت کی تکنیکوں اور ٹولز سے لیس کرنے کے منصوبوں پر روشنی ڈالی تاکہ وہ قومی اور علاقائی سطح پر نوجوانوں کے مفادات کی مؤثر نمائندگی کر سکیں۔ملاقات میں وزیراعظم یوتھ پروگرام اور یو این ایف پی اے کے درمیان شراکت داری کو باقاعدہ کرنے کے لیے ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے پر اتفاق کیا گیا ،اس مفاہمت کی یادداشت کے ذریعے نوجوانوں کی ترقی کے پروگراموں کو آگے بڑھانے، صنفی مساوات کے فروغ اور پاکستان میں نوجوانوں کے سامنے موجود سماجی و اقتصادی چیلنجز کے حل کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے۔
رانا مشہود احمد نے یو این ایف پی اے کی جاری حمایت کی تعریف کی اور حکومت کے نوجوانوں کو پائیدار ترقی کے لیے بااختیار بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ محترمہ لتیکا پردھان نے یو این ایف پی اے کی جانب سے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ساتھ مل کر اس شراکت داری کو نتیجہ خیز بنائیں، تاکہ پاکستان کے نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے بہتر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔یہ تعاون پاکستان کے نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے وژن کے ساتھ ہم آہنگ ہے اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے عزم کا اظہار کرتا ہے۔