چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان سے برطانوی کونسل پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر جیمز تھامسن کی ملاقات

93
Rana Mashhood Ahmed
Rana Mashhood Ahmed

اسلام آباد۔15جنوری (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان سے برطانوی کونسل پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر جیمز تھامسن نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈیجیٹل یوتھ حب منصوبے پر تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم یوتھ پروگرام سے جاری بیان کے مطابق ڈیجیٹل یوتھ حب وزیرِاعظم یوتھ پروگرام کا ایک اہم منصوبہ ہے جس کا مقصد پاکستان کے نوجوانوں کی مختلف ضروریات کو ایک پلیٹ فارم کے ذریعے پورا کرنا ہے، یہ منصوبہ سکالرشپ، روزگار کے مواقع، رضاکارانہ سرگرمیوں اور دیگر وسائل تک رسائی فراہم کرے گا تاکہ نوجوانوں کو بااختیار بنایا جا سکے اور ان کی ترقی کے لئے مدد فراہم کی جا سکے۔

اس موقع پر برطانوی کونسل نے وزیرِاعظم یوتھ پروگرام کے ساتھ اس منفرد منصوبے پر تعاون میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ جیمز تھامسن نے ڈیجیٹل یوتھ حب کو ایک انقلابی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان میں نوجوانوں کی ترقی اور شمولیت کو ایک نئی جہت دے گا۔رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ ڈیجیٹل یوتھ حب حکومت کی جانب سے نوجوانوں کو بدلتے ہوئے ڈیجیٹل دور میں کامیابی کے مواقع فراہم کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ ایک زیادہ مربوط، بااختیار اور وسائل سے بھرپور نسل کی تشکیل کرے گا جو ملک کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ ملاقات میں برطانوی کونسل کی تعلیمی، تربیتی، اور بین الاقوامی تعاون کی مہارت کو استعمال کرتے ہوئے اس پلیٹ فارم کے اثرات کو مزید بڑھانے کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔

ڈیجیٹل یوتھ حب جو جلد ہی لانچ ہونے والا ہے، وزیرِاعظم یوتھ پروگرام کے ڈیجیٹل تبدیلی اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے عزم کا مظہر ہے، یہ منصوبہ نوجوانوں اور مواقع کے درمیان خلا ء کو ختم کرنے کے لئے اہم کردار ادا کرے گا۔