چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں کی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد

اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام (پی ایم وائی پی) رانا مشہود احمد خاں نے کرسمس کے موقع پر پاکستان بھر کی مسیحی برادری کو دلی اور پْرخلوص کرسمس کی مبارکباد پیش کی اور اس تہوار کے آفاقی پیغام 'امن، محبت اور انسانیت کی خدمت' پر زور دیا۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ہم آہنگی، ہمدردی اور شمولیت جیسے اقدار کو اپنائیں ،اے پی پی …

اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام (پی ایم وائی پی) رانا مشہود احمد خاں نے کرسمس کے موقع پر پاکستان بھر کی مسیحی برادری کو دلی اور پْرخلوص کرسمس کی مبارکباد پیش کی اور اس تہوار کے آفاقی پیغام ‘امن، محبت اور انسانیت کی خدمت’ پر زور دیا۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ہم آہنگی، ہمدردی اور شمولیت جیسے اقدار کو اپنائیں ،اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا مشہود نے کہا کہ کرسمس امید، خیرسگالی اور بے لوث خدمت کی علامت ہے جو ایک منصفانہ اور جامع معاشرے کے لیے قائداعظم محمد علی جناح کے وژن سے گہری ہم آہنگی رکھتی ہیں۔

اقلیتوں کے حوالے سے قائداعظم کے تاریخی عزم کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے ان کے الفاظ دہرائے کہ ”آپ آزاد ہیں؛ آپ آزاد ہیں کہ اپنے مندروں میں جائیں، آپ آزاد ہیں کہ اپنی مساجد میں جائیں یا ریاستِ پاکستان میں کسی بھی دوسری عبادت گاہ میں جائیں۔ آپ کا تعلق کسی بھی مذہب، ذات یا عقیدے سے ہو، اس کا ریاست کے معاملات سے کوئی تعلق نہیں۔” 11 اگست 1947 کو کہے گئے یہ الفاظ آج بھی مذہب سے قطع نظر تمام شہریوں کے حقوق کے تحفظ، مساوات اور رواداری کی لازوال یاد دہانی ہیں۔ چیئرمین رانا مشہود نے تعلیم، صحت، سماجی بہبود، قومی دفاع، فنونِ لطیفہ اور عوامی خدمات میں مسیحی برادری کی گراں قدر خدمات کو اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ ان کی محنت، لگن اور حب الوطنی نے قوم کو مضبوط بنایا اور پاکستان کے سماجی تانے بانے کو مزید مالا مال کیا اور ان کی کامیابیاں قائداعظم کے جامع وژن کی عکاس ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کے لیے قائداعظم کی رہنمائی کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ کوئی قوم اس وقت تک ترقی کی بلندیوں کو نہیں چھو سکتی جب تک اس کی خواتین مردوں کے شانہ بشانہ نہ ہوں۔ رانا مشہود نے اس پیغام کو آج کے نوجوانوں سے جوڑتے ہوئے تمام برادریوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ لگن، خدمت اور ہم آہنگی کے ساتھ ملکی ترقی کے لیے کام کریں۔

چیئرمین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام ہر برادری کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے، مساوی مواقع فراہم کرنے، باہمی احترام اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تنوع ہی اس کی طاقت ہے اور ہمارا مشترکہ مستقبل تمام شہریوں کے درمیان انصاف، ہمدردی اور ہم آہنگی پر منحصر ہے۔

چیئرمین رانا مشہود نے مسیحی برادری کو خوشیوں اور برکتوں بھری کرسمس کی مبارکباد دی اور تمام پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ اس تہوار کے امن، محبت اور بے لوث خدمت کے جذبے کو اپنائیں۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ ایک منصفانہ، جامع اور پْرامن پاکستان کی تعمیر جاری رکھے ‘وہ پاکستان جس کا خواب قائداعظم نے ہر شہری کے لیے دیکھا تھا’ جہاں ایمان، لگن اور خدمت مل کر ایک روشن مستقبل کی تشکیل کریں۔