اسلام آباد۔11مارچ (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور ڈپٹی چیئرمین سیدال خان ناصر نے بلوچستان کے علاقے ڈھاڈر میں جعفر ایکسپریس پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔منگل کو الگ الگ بیانات میں انہوں نے کہا کہ ڈھاڈر میں مسافروں پر حملہ انسانیت سوز جرم ہے،مسافر ٹرین پر حملہ کرنے والے دہشتگرد ملک وقوم کے دشمن ہیں جعفر ایکسپریس پر دہشتگردوں کا حملہ ملک دشمن شرپسند عناصر کی مذموم سازش ہے،شرپسند عناصر ملک کے امن کو خراب کرنے کیلئے گھنائونی کارروائیاں کر رہے ہیں
معصوم جانوں سے کھیلنے والے انسانیت کے دشمن ہیں ،ذمہ داروں کو سخت سزا دی جائے،انہوں نے کہا کہ دہشتگرد بزدلانہ کارروائیوں سے قومی حوصلے کو متزلزل نہیں کر سکتے،قوم متحد ہے، ڈھاڈر میں دشمنوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے جائیں گے،چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ نے متاثرہ مسافروں اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ ملک کے امن کو خراب کرنے والوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا جائے۔ڈھاڈر سمیت پورے ملک میں امن و استحکام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،معصوم جانوں پر حملہ بزدلوں کی نشانی ہے،پوری قوم سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہے۔