چیئرمین پاکستان منیارٹی فورم اورمتحدہ مسیحی فورم کی قیادت میں وفد کا سی ڈی اے مزدور یونین کے مرکزی دفتر کا دورہ

71

اسلام آباد۔11فروری (اے پی پی):سی ڈی اے مزدور یونین چوہدری محمد یٰسین گروپ کی ریفرنڈم میں کامیابی پرچیئرمین پاکستان منیارٹی فورم چوہدری اشرف فرزند اورمتحدہ مسیحی فورم کے چیئرمین عدیل غوری کی قیادت میں وفد نے سی ڈی اے مزدور یونین کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا اور چوہدری محمد یٰسین اوران کی ٹیم کو مبارکبادپیش کی۔

اس موقع پرچیئرمین پاکستان منیارٹی فورم چوہدری اشرف فرزند نے کہا کہ ریفرنڈم میں مسلسل پانچویں بارکامیابی سے ہمکنارہونابڑے اعزازکی بات ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ چوہدری محمد یٰسین اوران کی ٹیم پہلے سے بڑھ کر مزدوروں کی خدمت اور ملازمین کے مسائل کو بہتراندازمیں حل کریں گے ۔اس موقع پر متحدہ مسیحی فورم کے چیئرمین عدیل غوری نے کہاکہ مسیحی ووٹرز نے اتحاد اور اتفاق سے بڑی تعداد میں سی ڈی اے مزدور یونین کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کیا ۔

اس موقع پر پاکستان ورکرز فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اور قائد مزدور یونین چوہدری محمد یٰسین نے وفدکا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے کے محنت کشوں نے مزدور یونین کو ایک تاریخی کامیابی سے ہمکنار کرتے ہوئے بھاری اکثریت سے کامیاب کیا ، سی ڈی اے ملازمین کے مسائل ،پلاٹوں کی الاٹمنٹ،ان کے بچوں کی بھرتی اور مراعات میں اضافہ ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کی ہر ممکن کوشش جاری رکھوں گا۔ اس موقع پر مزدور یونین کےصدر خان اورنگ زیب خان ،وارث دلیپ ،سلیم بھٹی ،جمیل کھوکھر ،آصف جان ،ناصر مسیح، سرفراز بشیر و دیگر نے بھی خطاب کیا اور ورکرز کی فلاح و بہبود کے لئے اپنے عزم کا اظہار کیا۔