لاہور۔5دسمبر (اے پی پی):پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کو نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔پی سی بی سے جاری بیان میں ذکا اشرف نے کہا کہ پاکستان ویمنز ٹیم نے نیوزی لینڈ میں اپنی مہارت اور صلاحیتوں کے شاندار مظاہرے سے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ پوری ٹیم اور ٹیم مینجمنٹ کی محنت اور لگن کو سراہتے ہیں اورکپتان ندا ڈار نے جس انداز سے ٹیم کی قیادت کی اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا وہ قابل فخر ہے۔ذکا اشرف نے اس ماہ کے آخر میں دورہ نیوزی لینڈ سے واپسی پر پاکستان ویمنز ٹیم کے اعزاز میں ایک خصوصی تقریب کی میزبانی کا بھی اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ ندا ڈار کی قیادت میں پاکستان نے منگل کو ڈنیڈن میں دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں نیوزی لینڈ کو 10 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں دو صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی ہے۔