چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )محسن نقوی نے سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف لاہور کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی کا نومنتخب عہدیداران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار
لاہور۔16اپریل (اے پی پی):چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )محسن نقوی نے سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف لاہور کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے صدر عقیل احمد، سیکرٹری یوسف انجم اور خزانچی افضل افتخار کو ان کی کامیابی پر دلی مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھائیں گے۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف لاہور نے ہمیشہ کھیلوں، خصوصا کرکٹ کے فروغ میں اہم اور قابلِ ستائش کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں کو اجاگر کرنے میں سپورٹس جرنلسٹس کا کردار نہایت اہم ہوتا ہے، جو نہ صرف کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے بلکہ نوجوان نسل کو بھی کھیلوں کی جانب راغب کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ انہیں یقین ہے کہ سجال کے نومنتخب عہدیداران اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے کھیلوں کے فروغ کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے اور صحافتی ذمہ داریوں کو دیانتداری اور بھرپور جذبے کے ساتھ ادا کریں گے۔









