اسلام آباد۔17فروری (اے پی پی):اسلامی نظریاتی کونسل کا اجلاس چیئرمین کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں مختلف امور پر غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ پشاور دھماکے کے شہداء اور برادر اسلامی ممالک ترکیہ اور شام میں زلزلہ زدگان کے حق میں دعا کی گئی۔
اجلاس میں یکساں قومی نصاب ، آئینی ترمیمی بل 2022ء بابت لفظ "امین”، نکاح نامے میں ختم نبوت کے حلف نامے کی عبارت، احساس پروگرام کے تحت خواتین کے لیے مکانات کی مشترکہ ملکیت، اظہار رائے کی آزادی کی حدود، جہیز اور تحائف عروسی بل 2020، مقدس ہستیوں کے بارے میں فلمیں بنانے ، انسانی اعضاء اور ٹشوز کی پیوندکاری کے ایکٹ 2015ء میں ترامیم، آئینی ترمیمی بل 2022 بابت آرٹیکل 203 ڈی سمیت متعدد اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔