اسلام آباد۔21اکتوبر (اے پی پی):اسلامی نظریاتی کونسل کا 239 اجلاس چیئرمین ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی کی زیرصدارت منعقد ہوا، کونسل نے مبارک ثانی کیس میں سپریم کورٹ کے تصحیح شدہ تفصیلی فیصلے کو ملاحظہ کیا اور چیف جسٹس آف پاکستان کو اس شاندار فیصلے اور پٹیشن دائر کرنے پر حکومت کو خراج تحسین پیش کیا۔ اجلاس میں ڈاکٹر عبدالغفور راشد، فریدہ رحیم، ملک اللہ بخش کلیار، محمد جلال الدین، صاحبزادہ پیر خالد سلطان قادری، جسٹس (ر) ظفر اقبال چوہدری، علامہ سید افتخار حسین نقوی، مفتی محمد زبیر، علامہ یوسف اعوان، ڈاکٹر عزیز محمود الازہری، پیر شمس الرحمٰن اور ڈاکٹر مفتی انتخاب نوری نے شرکت کی۔
اسلامی نظریاتی کونسل کے میڈیا کوآرڈینیٹر کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اجلاس میں مبارک ثانی کیس میں سپریم کورٹ کے تصحیح شدہ فیصلہ، کریمنل اپیل نمبر 590/2017 بابت توہین رسالت و توہین مقدسات اسلام، ہیومن ملک بینک کے قیام کے بارے میں کونسل سے استفسار، مسلم عائلی قوانین (ترمیمی) بل 2024، وقف ایکٹ 2020 کے تحت قواعد کی تیاری کا مسودہ، قانون انفساخ ازدواج مسلمانان (ترمیمی) ایکٹ، 2024 سمیت متعدد امور زیربحث آئے۔ کونسل نے مبارک ثانی کیس میں سپریم کورٹ کے تصحیح شدہ تفصیلی فیصلے کو ملاحظہ کیا اور چیف جسٹس آف پاکستان کو اس شاندار فیصلے پر خراج تحسین پیش کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ حکومت پاکستان کو بھی خراج تحسین کیا کہ اس مسئلہ کے حل کے لیے فیصلہ میں تصحیح کے لیے حکومت کی طرف سے پٹیشن دائر کی گئی۔
علاوہ ازیں کریمنل اپیل نمبر 2017/590 بابت توہین رسالت اور مقدسات اسلام میں سپریم کورٹ کے استفسار پر کونسل نے سفارشات کی منظوری دی جو کہ عدالت عظمی کو ارسال کی جائے گی۔مسلم عائلی قوانین (ترمیمی)بل 2024 میں کونسل کی متعدد شقوں میں تبدیلی کی تجاویز دیں۔وقف ایکٹ 2020 کے تحت کونسل نے قواعد کے مسودے کی منظوری دی۔قانون انفساخ ازدواج مسلمانان کے تفصیلی جائزے کے بعد اس کی منظوری دی۔ فیصلہ ہوا کہ انسانی دودھ کے بینک بارے ایک سیمینار کا انعقاد کیا جائے گا اور بعدازاں ماہرین، اطباء اور علماء کی سفارشات کونسل کے اگلے اجلاس میں رکھی جائیں گی۔ مزید برآں اسلامی نظریاتی کونسل کی تشکیل کے پچاس برس مکمل ہونے پر ملک بھر میں گولڈن جوبلی تقریبات کے انعقاد کی بھی منظوری دی گئی جس میں کونسل کی خدمات کو اجاگر کیا جائےگا۔اجلاس کے آخر میں غزہ میں اسرائیلی بربریت کی مذمت کی گئی اور فلسطین اور لبنان کے شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔