اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):ہلالِ احمر پاکستان کے چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری نے دوحہ قطر میں پاکستانی سفارتخانہ کا دورہ کیا۔سفارتخانہ پہنچنے پر ڈپٹی ہیڈ آف مشن سید مصطفی ربانی اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی وحید نے پرتپاک استقبال کیا۔سردار شاہد احمد لغاری نے سید مصطفیٰ ربانی کے ساتھ انسانیت کیلئے تعاون اور مدد سے متعلق بات چیت کی۔ سفارتخانہ میں ہونے والی ملاقات میں مختلف اُمور زیر بحث رہے، جن میں ہلالِ احمر پاکستان کی خدمات، قطر ہلالِ احمر کے ساتھ مستحکم تعلقات اور انسانیت کی خدمت کو وسعت دینے سے متعلق حکمت عملیوں اور بالخصوص پاکستان میں سیلاب زدگان اور دیگر ضرورت مند آبادیوں کی مدد شامل تھی۔
ملاقات کے دوران سردار شاہد احمد لغاری نے ڈپٹی ہیڈ آف مشن سید مصطفی ربانی کو 2022ء کے بدترین سیلاب میں تاریخی خدمات، اور سمندری طوفان بیپر جوائے کے متاثرہ گھرانوں کیلئے مختلف نوعیت کی خدمات سے بھی آگاہی دی۔ انہوں نے حکومت ِ پاکستان، این ڈی ایم اے اور آرمڈ فورسز کے اقدامات کو اپنے 1.8ملین رضاکاروں، وسائل کے ذریعے تقویت بخشی۔ چیئرمین ہلالِ احمر پاکستان نے اِس بات پر زور دیا کہ قطر میں موجود عالمی خیراتی اداروں کے ساتھ روابط کو فروغ دے مستحکم تعلقات قائم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہیومینٹرین ڈویلپمنٹ اور سیلاب زدہ علاقوں میں جاری ریکوری پروگرام کیلئے مستقل بنیادوں پر مدد مل سکے۔
انہوں نے ریڈکراس ریڈکریسنٹ پارٹنرز کے تعاون سے ملک بھر میں فراہم کی جانے والی مختلف نوعیت کی خدمات جیسے ڈیزاسٹر مینجمنٹ، ہیلتھ اینڈ کیئر، نقد مالی مدد، صحت و صفائی، پینے کے پانی کی فراہمی سے متعلق تفصیل سے بتاتے ہوئے کہا کہ ہم وہاں بھی پہنچے جہاں کوئی امداد کو نہیں پہنچ سکی تھی۔قطر سفارتخانہ میں تعینات ڈپٹی ہیڈ آف مشن سید مصطفیٰ ربانی نے ہلالِ احمر پاکستان کی خدمات کو ناقابلِ رَشک قرار دیتے ہوئے سراہا۔
انہوں نے سردار شاہد احمد لغاری کی قیادت میں انسانیت کیلئے اُٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کی۔ انہوں نے قطر میں موجود مخیر شخصیات، اداروں کو ہلالِ احمر پاکستان کی خدمات سے متعلق آگاہی دینے کی یقین دہانی کراتے ہوئے ہلالِ احمر پاکستان کو وسائل، فنڈنگ سپورٹ کے حصول کیلئے قطر چیئریٹی و دیگر اداروں کے ساتھ اشتراک کی بھی بھرپور کوشش کی جائے گی۔