گوہانگ۔14دسمبر (اے پی پی):ہلال احمر پاکستان کے چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری نے ریڈ کراس سوسائٹی آف چائنہ کے صدر ہی وی سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں انسانی ہمدردی کے تعاون کو آگے بڑھانے سمیت مختلف امور پر گفتگو کی گئی۔گیانگ گوئزو میں ہونے والی ملاقات میں گفتگو کا محور انسانی چیلنجوں سے مشترکہ طور پر نمٹنے اور پاکستان اور چین میں کمیونٹیز کو پائیدار بنانے کے لیے باہمی تعاون کو مستحکم بنانا تھا۔اس ملاقات میں ریڈ کراس چائنہ کے نائب صدر سن شووپینگ بھی موجود تھے ۔یہ ملاقات دونوں انسانی ہمدردی کی تنظیموں کے مابین بڑھتی ہوئی شراکت داری میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گی۔سردار شاہد احمد لغاری نے انسانی ہمدردی کے اقدامات میں ہلال احمر پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر چائنہ ریڈ کراس کے صدر کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور کثیر الجہتی جو باہمی احترام اور تعاون پر مبنی ہے کو استحکام بخشنے کے لیے کردار ادا کرنے کی یقین دھانی کرائی۔ہلال احمر پاکستان کی حالیہ کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے سردار شاہد احمد لغاری نے صدر ہی وی کو پاکستان اور اسلام آباد میں پی آر سی ایس کے نیشنل ہیڈ کوارٹرز کے دورے کی دعوت بھی دی۔ انہوں نے اس امر کا اظہار کیا کہ انسانی ہمدردی کے تعاون کو آگے بڑھانے اور خطے میں دیرپا اثر پیدا کرنےکے لیے مشترکہ وژن کے ساتھ آگے بڑھیں گے ۔ سردار شاہد احمد لغاری نے چائنہ ریڈ کراس سوسائٹی کے صدر ہی وی کو 2022 کے مون سون کے تباہ کن سیلاب اور اس سے ہونے والی بد ترین تباہی کے بارے میں ہلال احمر پاکستان کے جامع ردعمل سے آگاہ کیا۔
ہلال احمر پاکستان نے ماڈل شیلٹر ہاؤس ،زرائع معاش ،پینے کا صاف پانی،موبائل ہیلتھ سہولیات،ہائجین ، واش کی سہولتوں کی فراہمی کے علاؤہ متاثرہ گھرانوں کو نقد مالی مدد دینے سے متعلق بھی بتایا۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے اثرات سے نمٹنے کے لیے ہلال احمر پاکستان کے نیشنل ہیڈ کوارٹر میں کلائمیٹ ریسرچ سینٹر کے قیام بارے بھی بتایا۔صدر ہی وی نے سردار شاہد احمد لغاری کی قیادت میں ہلال احمر پاکستان کے متاثر کن انسانی کاموں، خاص طور پر آفات سے نمٹنے اور موسمیاتی تبدیلی کے خلاف اقدامات کی تعریف کی۔ انہوں نے مزکورہ اقدامات کے لیے بھرپور حمایت کے عزم کا اعادہ کیا اور دونوں نیشنل سوسائٹیز کےمابین تعاون کو بڑھانے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی کوششیں مثالی ہیں اور چائنہ ریڈ کراس سوسائٹی مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے اس شراکت داری کو مضبوط بنانے کی خواہشمند ہے۔ملاقات کے اختتام پر دونوں اداروں کی جانب سے مستقبل قریب میں مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا جس میں عملہ کی صلاحیتوں کو بڑھانے، رضاکارانہ نیٹ ورک کو مضبوط بنانے، موسمیاتی تبدیلی کے باعث درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ منصوبوں اور کمیونٹیز میں آفات سے نمٹنے کی تیاری کو بڑھانے کے لیے باضابطہ تعاون کرنا شامل ہے۔