اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور جاز کیش کے مابین مستحق خواتین کی ڈیجیٹل بااختیاری کے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے پیر کو جاز کیش کے ایک وفد سے ملاقات کی جس کی قیادت نائب صدر کارپوریٹ افیئرز ابرار خان اور چیف سٹریٹجک آفیسر علی نصیر کر رہے تھے۔
ملاقات کے دوران بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی مستحق خواتین کو سمارٹ فونز کی فراہمی کے ذریعے انہیں ڈیجیٹلی و مالی طور پر بااختیار بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینیٹر روبینہ خالد نے صدر اور وزیراعظم پاکستان کی جانب سے ہدایات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بی آئی ایس پی اس بات کو یقینی بنانا چاہتا ہے کہ تمام مستحق خواتین کو ان کی ادائیگیاں مکمل شفافیت اور احترام کے ساتھ ملیں۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ سمارٹ فونز کے ذریعے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور اس کے مستحقین کے درمیان کمیونیکیشن گیپ کے خاتمے، بنیادی حقوق کی مکمل آگاہی اور دھوکہ دہی کے خطر ات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
چیئرپرسن نے بی آئی ایس پی کے اس عزم پر بھی زور دیا کہ وہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی مستحق خواتین اور ان کے گھرانوں کے افراد کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے مارکیٹ کے اعتبار سے ایسے شعبہ جات میں سکل ٹریننگ فراہم کرے گاجن کے ذریعے انہیں ملازمت کے زیادہ سے زیادہ مواقع میسر آ سکیں۔قبل ازیں جازکیش ٹیم نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ساتھ تعاون کے لیے ممکنہ اقدامات کا جائزہ بھی پیش کیا۔ سینیٹر روبینہ خالد نے جاز کیش ٹیم پر زور دیا کہ وہ آئندہ میٹنگ میں بی آئی ایس پی مستحقین کو ڈیجیٹل بااختیار بنانے کے حوالےسے آزمائشی مرحلے کے طور پر عملدرآمدی حکمت عملی کا خاکہ پیش کریں۔