اسلام آباد ۔ 26 ستمبر (اے پی پی) وزیر مملکت و چیئرپرسن بی آئی ایس پی، ایم این اے ماروی میمن نے پیر کو بی آئی ایس پی سیکرٹریٹ میں بی آئی ایس پی بورڈ کے27ویں اجلاس کی صدارت کی۔ فروری2015 میں چیئرپرسن کے عہدے پر فائز ہونے کے بعد سے یہ ان کی زیر صدارت بی آئی ایس پی بورڈ کا چھٹااجلاس تھا۔ بورڈ ممبران میں ڈاکٹر زیبا ا ے سٹھار، جناب یاور عرفان خان، ڈاکٹر ثانیہ نشتر، ڈاکٹر علی چیما، فنانس ڈویژن ، کیبنٹ ڈویژن، دفتر خارجہ کے نمائندگان اور سیکرٹری بی آئی ایس پی اور یاسمین مسعود نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں بی آئی ایس پی بورڈ کی آڈٹ اور پروگرام ڈیزائن کمیٹی کی تنظیم نو، 10% ARA-2016اور ادائیگی کے نئے ماڈل کی منظوری بورڈ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل تھے۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے اپنے استقبالیہ کلمات کے دوران اجلاس کے بنیادی نکات سمیت ادارے کی جانب سے کئے گئے مختلف اقدامات پر مختصراً تبادلہ خیال کیا۔