22.6 C
Islamabad
پیر, ستمبر 1, 2025
ہومقومی خبریںچیئرپرسن منزہ حسن کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے...

چیئرپرسن منزہ حسن کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی کا اجلاس ، گاڑیوں کے اخراج کے معائنہ پر مؤثر نگرانی اور ای ویسٹ ریگولیشنز کے فوری نفاذ کی سفارش

- Advertisement -

اسلام آباد۔27اگست (اے پی پی):قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ نےہنگامی اقدامات پر زور دیتے ہوئے گاڑیوں کے اخراج کے معائنہ پر مؤثر نگرانی اور ای ویسٹ ریگولیشنز کے فوری نفاذ کی سفارش کی ہے۔ بدھ کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں چیئرپرسن رکن قومی اسمبلی منزہ حسن کی زیرصدارت منعقد ہوا۔اجلاس کے آغاز پر کمیٹی نے وزارت کی جانب سے بریفنگز کے تاخیر سے اور ناکافی انداز میں ارسال کئے جانے پر تشویش کا اظہار کیا اور پارلیمنٹ کی مؤثر نگرانی کے لئے بروقت اور جامع معاونت کو لازمی قرار دیا۔ کمیٹی نے پیش گوئیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ برس مون سون کی بارشیں 22 فیصد زیادہ ہوں گی جس پر ارکان نے وفاق اور صوبوں کے درمیان آفات سے نمٹنے کے ناقص رابطہ کاری پر شدید تحفظات ظاہر کئے۔ ضلعی لیہ جیسے حساس علاقوں میں کٹاؤ کو ہنگامی بنیادوں پر روکنے کی سفارش کی گئی جبکہ خیبرپختونخوا، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں مافیاز کے ذریعے جنگلات کی کٹائی کی تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

گاڑیوں کے اخراج کے معائنے کے حوالے سے کمیٹی نے موجودہ نظام میں منصوبہ بندی، طریقہ کار اور اداروں کے درمیان تعاون کی کمی پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔ کمیٹی نے سفارش کی کہ پاکستان انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (پاک ای پی اے) کی شمولیت کے بغیر کوئی معائنہ نہ کیا جائے اور وزارت کو ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس میں بین الاقوامی بہترین طریقہ کار، قابلِ عمل حکمتِ عملی اور نفاذ کا لائحہ عمل تفصیل سے پیش کرے۔ ای ویسٹ ریگولیشنز پر پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے کمیٹی نے وزارت اور پاک ای پی اے کو پاکستان کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کے مطابق ریگولیٹری فریم ورک کی تیاری پر سراہا تاہم ارکان نے زور دیا کہ لیتھیم آئن بیٹریوں کے تلف کرنے، ہسپتالوں کے فضلے کے نظم و نسق اور پلاسٹک آلودگی جیسے بڑھتے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے۔ کمیٹی نے ای ویسٹ مینجمنٹ ورکنگ گروپ میں آزاد ماہرین کو شامل کرنے اور نجی شعبے کو پائیدار تلفی اور ری سائیکلنگ کے حل میں شریک کرنے کی ہدایت دی

- Advertisement -

۔ اراکین نے اسلام آباد میں فوری طور پر پلاسٹک بوتل جمع کرنے والی مشینوں کی آزمائشی تنصیب کی تجویز دی جو کامیاب بین الاقوامی ماڈلز پر مبنی ہوگی۔کمیٹی نے مزید وزارت اور پاک ای پی اے کے بجٹ اور استعداد کار میں اضافے، اربن فاریسٹ، اسپونج سٹیز اور بارش کے پانی کے ذخیرے کے منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے اور وزیر کے غیر ملکی دوروں پر شفاف رپورٹنگ کی سفارش کی۔اجلاس میں اراکین قومی اسمبلی میر خان محمد جمالی، طاہرہ اورنگزیب، شائستہ خان، شائستہ پرویز، سیدہ شہلا رضا، مسرت رفیق مہیسر، ڈاکٹر شازیہ ثوبیہ اسلم سومرو، رانا انصار، صاحبزادہ صبغت اللہ، شہزادہ محمد گستاسب خان، غلام محمد، عائشہ نذیر ، اویس حیدر جاکھر، تمکین نیازی اور شاہدہ رحمانی کے علاوہ وزارتِ موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی، پاک ای پی اے، آئی سی ٹی ایڈمنسٹریشن اور سی ڈی اے کے حکام نے شرکت کی۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں