چیئرپرسن وزیر اعلیٰ پنجاب (ڈی ای ایف آئی ایم) کی سی ٹی او لاہور سے ملاقات، شہر میں ٹریفک بہتری کیلئے اقدامات پرتبادلہ خیال

105

لاہور۔13مارچ (اے پی پی):چیئرپرسن وزیر اعلیٰ پنجاب ڈائریکٹوریٹ انسپیکشن اینڈ مانیٹرنگ (ڈی ای ایف آئی ایم) برگیڈیئر (ر) بابر علائوالدین نے سی ٹی او آفس لاہور کا دورہ کیا اور چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر محمد اطہر وحید سے ملاقات کی۔ترجمان کے مطابق ملاقات میں لاہور شہر میں ٹریفک کی بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات اور ان کی تفصیلات پر گفتگو کی گئی۔سی ٹی او لاہور نے تجاوزات کے خلاف جاری آپریشنز اور ٹریفک کے بہائو کو یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ڈھائی ماہ کے دوران تجاوزات کے خلاف کومبنگ آپریشنز کے نتیجے میں 8,386 ایف آئی آرز درج کی گئیں۔ملاقات میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر جرمانوں اور مقدمات کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیاجبکہ ای-چالان کی ریکوری کے لیے بڑے اقدامات کرنے پر بھی بات چیت ہوئی۔مزید برآں بڑی گاڑیوں پر ان کی مالیت کے مطابق جرمانے عائد کرنے اور پیدل چلنے والوں کی حفاظت کے لیے اہم چوراہوں پر آٹومیٹک پروجیکشن سسٹم اور اسمارٹ ایل ای ڈی زیبرا کراسنگ متعارف کرانے کی تجاویز زیر غور آئیں۔

ایوانِ عدل کے باہر پارکنگ کے مسائل کے حل کے لیے بھی مختلف پہلوئوں پر گفتگو اور لاہور میں ٹریفک انجینئرنگ کے جدید منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔سی ٹی او نے کہا کہ لاہور شہر کو بھکاریوں سے پاک کرنے کے لیے آپریشنز جاری اور بھکاریوں کے سرغنہ کو بھی گرفتار کیا جا رہا ہے۔آخر میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے کلین اینڈ گرین پروگرام کے تحت برگیڈیئر (ر) بابر علائوالدین اور سی ٹی او لاہوراطہر وحید نے سی ٹی او دفتر میں پودا بھی لگایا۔