چیئر مین سرمایہ کاریہ بورڈ ہارون شریف کی پاکستان میں چینی سفیر یاو جنگ اور سرمایہ کاروں کو بریفنگ

119

اسلام آباد ۔ 15مئی (اے پی پی) چیئر مین سرمایہ کاریہ بورڈ ہارون شریف نے کہا ہے کہ سرمایہ کاری بورڈ سی پیک کے تحت صنعتی تعاون کے مشترکہ اہداف کو عملی جامہ پہنانے کیلئے تمام کوششوں کو یقینی بنائے گا۔یہ بات انہوں نے پاکستان میں چینی سفیر یاو جنگ اور سرمایہ کاروں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی جنہوں نے بدھ کو بورڈ آف انسٹمنٹ کے نئے قائم کردہ پراجیکٹ منیجمنٹ یونٹ کا دورہ کیا۔ایڈیشنل سیکرٹری محمد سلیم احمد رانجھا اور ایگزیکٹیو ڈائریکٹر جنرل فرینا مظہر بھی اس موقع پر موجود تھے۔چیئر مین بی او آئی نے کہا ہے کہ موجودہ سات خصوصی اقتصادی زون کیلئے بحالی منصوبے کو حتمی شکل دیدی گئی ہے جبکہ تقریبا 1500ایکڑ اراضی کو استعمال میں لانے کیلئے یوٹیلٹیز سمیت دیگر سہولتیں اگلے چھ ماہ میں فراہم کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ایشیائی معیشتوں کے علاوہ کوریا،جاپان اور ملائشیاءنے بھی پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے اور اس سلسلے میں پراجیکٹ منیجمنٹ یونٹ سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنائے گا۔پاکستان میں چینی سفیر یاو جنگ نے سرمایہ کاروں کی سہولت اور صنعتی تعاون کیلئے بی او آئی کے تحت پراجیکٹ منیجمنٹ یونٹ کے قیام کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ چائنا پاکستان مشترکہ منصوبے تمام دنیا کیلئے بھی کھلے ہیں۔سیکرٹری بی او آئی نے پراجیکٹ منیہجمنٹ یونٹ کے افسران کا چینی وفد اور غیر ملکی سرمایہ کاروں سے تعارف کرایا۔