اسلام آباد ۔ 6 ستمبر (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے کہا ہے کہ 6 ستمبر دفاع وطن اور اس مقدس فریضے کی ادائیگی کے لئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے قومی ہیروز کی یاد دلاتا ہے، یوم دفاع کے موقع پر پوری قوم یک زبان ہوکر اپنے جوانوں اور محافظوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ بری، بحری اور فضائی محاذوں پر دشمن کو للکارنے والے سپوت قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں، آج کا یوم دفاع مظلوم کشمیری بھائیوں، بہنوں اور نونہالوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ درندہ صفت سفاک مودی سرکار تمام اخلاقی و قانونی حدیں پامال کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں محصور مسلمانوں کا قتل عام چاہتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آر ایس ایس کی نرسری میں پرورش پانے والا ظالم ٹولہ کشمیری مسلمانوں کی نسل کشی کا ناپاک منصوبہ مکمل کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان آدم خور مودی سرکار کے ناپاک عزائم خاک میں ملائے گا۔