راولپنڈی ۔16دسمبر (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور برطانیہ کے چیف آف ڈیفنس سٹاف ایڈمرل سر انٹونی ڈیوڈ راڈاکن کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے۔ آرمی چیف نے ایڈمرل سر انٹونی ڈیوڈ راڈاکن کو نئی تقرری پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول فوجی تعاون، علاقائی سلامتی اور افغانستان کی موجودہ سلامتی/انسانی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آرمی چیف نے انسانی بحران کو روکنے کے لیے افغانستان کو انسانی امداد پہنچانے کے لیے ادارہ جاتی طریقہ کار وضع کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ بھی کیا کہ پاکستان علاقائی امن اور خوشحالی کے لیے اپنے تمام پڑوسیوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات کا خواہاں ہے۔
اس موقع پر برطانیہ کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے پاکستان کے افغان صورتحال اور علاقائی استحکام میں کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سیکیورٹی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔