چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چین کی وزارت خارجہ کے افغانستان کے امور کے خصوصی ایلچی کی ملاقات

54
آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر

راولپنڈی۔12نومبر (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چین کی وزارت خارجہ کے افغانستان کے امور کے خصوصی ایلچی ایمبیسیڈر یو ژیاؤونگ نے جمعہ کو یہاں جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، افغانستان کی صورتحال سمیت علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف نے علاقائی استحکام کے حصول کے سلسلے میں پرامن اور خوشحال افغانستان کے لئے کوششوں کو یکجا کرنے کی ضرورت کا اعادہ کیا۔

معزز مہمان نے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار، بارڈر مینجمنٹ کے لئے خصوصی کاوشوں، علاقائی استحکام میں کردار کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔