راولپنڈی ۔ 29دسمبر (اے پی پی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بلوچستان کے وزیر اعلیٰ جام کمال خان نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران صوبے میں سیکورٹی کی صورتحال زیر بحث لائی گئی۔ ہفتہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نے خوشحال پروگرام کے تحت سماجی، اقتصادی اور ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کیلئے سیکورٹی کے سازگار ماحول کی غرض سے پاک آرمی کی کوششوں کو سراہا۔ پاک فوج کے سربراہ نے اس موقع پر کہا کہ پاک فوج بلوچستان کی سیکورٹی صورتحال برقرار رکھنے پر بھرپور توجہ دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر خاردار تاروں سے اور پاک ایران سرحد پر سیکورٹی تعاون سے صوبے میں سیکورٹی کی صورتحال مزید بہتر ہو گی۔