چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جرمن فوج کے چیف آف ڈیفنس جنرل ایبرہارڈ زورن سے ملاقات

54
پاک فوج کے سربراہ جنرل کا ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کا دورہ ، مقامی طور پر دفاعی آلات کی تیاری کی کوششوں اور اقدامات کا جائزہ لیا

راولپنڈی۔25جون (اے پی پی):چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جرمنی کے سرکاری دورے کے دوران جرمن فوج کے چیف آف ڈیفنس جنرل ایبرہارڈ زورن سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور ، علاقائی سلامتی کی صورتحال ، دفاع اور سیکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق جرمنی کی وزارت دفاع میں سیکیورٹی اور دفاعی پالیسی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ڈیلیف وئیکٹر بھی ملاقات میں موجود تھے۔

اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج دوطرفہ دفاعی تعاون کو بڑھانا چاہے گی تاکہ تربیت اور تکنیکی ترقی میں جرمنی کی مہارت سے استفادہ کیا جاسکے۔ اس سے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کے ساتھ ساتھ علاقائی سلامتی پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

جرمن عہدیدار نے علاقائی امن و سلامتی اور بالخصوص افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کی لعنت سے نمٹنے اور خطے میں امن و استحکام لانے کے لئے پاک فوج کی کوششوں کو بھی سراہا۔

دونوں فریقوں نے دفاعی اور سلامتی تعاون کو ہر سطح پر مزید وسعت دینے کا عزم بھی ظاہر کیا۔ اس سے قبل وزارت دفاع پہنچنے پر چیف آف آرمی سٹاف نے یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی جبکہ چاک و چوبند فوجی دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔