راولپنڈی ۔14ستمبر (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پنوں عاقل کا دورہ کیا اور ڈیزرٹ فارمیشن کی جنگی تربیت کی مشقوں کا مظاہرہ دیکھا۔ اس موقع پر آرمی چیف کو ڈیزرٹ فارمیشن کی فیلڈ ٹریننگ اور آپریشنل تیاریوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے فیلڈ فائرنگ رینجز صالح پٹ میں فارمیشن کی مشقیں دیکھیں۔ اس موقع پر جوانوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے آرمی چیف نے اتنے مشکل حالات میں تربیت کے دوران ان کی جنگی تیاری ، تربیتی معیار اور بلند حوصلے کو سراہا۔
انہوں نے زور دیا کہ تربیت کے دوران مختلف شعبوں اور خدمات میں موثر ربط دوران جنگ دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے اہم ہے۔ دریں اثنا آرمی چیف نے سرسبز شاداب پاکستان مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔ انہوں نے صحرا کے ناموافق حالات میں اس کام کے لئے فارمیشن کو سراہا جس کا مقصد ماحول کے تحفظ اور علاقے کے دفاع کو مضبوط بنانا ہے۔
بعد ازاں آرمی چیف نے سپاہی حزب اللہ جتوئی شہید کے خاندان سے ملاقات کی جنہوں نے 5 ستمبر 2021 کو کوئٹہ میں تعینات ایف سی کے دستوں پر آئی ای ڈی حملے میں جام شہادت نوش کیا تھا۔ آرمی چیف نے خاندان کی خیریت دریافت کی اور ہدایت کی کہ مادر وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والے شہدا کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جائے۔