چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی واشنگٹن ڈی سی میں اوورسیز پاکستانی کمیونٹی سے بات چیت ، سمندر پار پاکستانیوں کے اہم کردار کی تعریف

5

راولپنڈی۔17جون (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے پاکستان کے سفیر ہونے کے ناطے ان کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے ترسیلات زر، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں اعلیٰ کامیابیوں کے ذریعے فعال کردار ادا کرکے پاکستان کی معیشت اور عالمی ساکھ میں ان کی شراکت کا اعتراف کیا ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر جوامریکہ کے سرکاری دورے پر ہیں، نے واشنگٹن ڈی سی میں اوورسیز پاکستانی کمیونٹی سے بات چیت کی۔ چیف آف آرمی سٹاف سے ملاقات کے لیے بڑی تعداد میں جمع ہونے والے سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔منگل کوآئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق تارکین وطن نے آپریشن بنیان مرصوص/ معرکہ حق کے دوران مسلح افواج کی شاندار کارکردگی کو سراہا جس میں انہوں نے بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔

بات چیت کے دوران آرمی چیف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے پاکستان کے سفیر ہونے کے ناطےاہم کردار پر ان کی بھرپور تعریف کی۔ انہوں نے ترسیلات زر، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں اعلیٰ کامیابیوں کے ذریعے فعال کردار ادا کرکے پاکستان کی معیشت اور عالمی ساکھ میں ان کی شراکت کا اعتراف کیا۔سمندر پار پاکستانیوں نے آرمی چیف کے ساتھ اپنے تجربات اور تجاویز شیئر کیں۔

انہوں نے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے مسلسل تعاون کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے سمندر پار پاکستانیوں کے ساتھ روابط کی اہمیت پر زور دیا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور سمندر پار پاکستانیوں نے ایک زیادہ محفوظ اور خوشحال پاکستان کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم کیا۔