چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا ”یومِ بحریہ” کے موقع پر پیغام میں اظہار

220

اسلام آباد ۔ 8 ستمبر (اے پی پی)چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا ہے کہ 8 ستمبر، یوم ِبحریہ ہمیں پاک بحریہ کے آفیسرز وجوانوں کے غیر معمولی حوصلے اور شجاعت کی یاد دلاتا ہے جن کی بہادری کے کارناموں نے دشمن کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا اور اس کی خام خیال برتری کے زْعم کو خاک میں ملایا۔ اس دن ”آپریشن سومنات” کو جس جرات و دلیری کے ساتھ انجام دیا گیا وہ ہمارے لیے باعث ِ فخر اور ترغیب ہے۔یہ بہادری کا عظیم کارنامہ تھا جس میں پاکستان نیوی کے بحری جنگی جہازوں نے بھارت کے مغربی ساحل پر حملہ کیا اور دوارکا میں بھارتی ریڈار اسٹیشن کو تباہ کیا، اس کامیاب حملے سے جنگ کے آغاز میں ہی پاکستا ن کو نفسیاتی برتری حاصل ہوئی اور بھارتی نیوی کا جنگی بیڑہ شمالی بحیرہ عرب میں کسی بھی قسم کی کارورائی کی جرات نہ کر سکا۔جنگ کے دوران پاکستان کی آبدوز غازی کا خوف بھارتی نیوی کے جہازوں پر چھایا رہا اور اکیلی غازی نے سمندر پر اپنی با لادستی قائم کیے رکھی۔ ہفتہ کو ”یومِ بحریہ” کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ پاکستان نیوی میں یومِ بحریہ 1965کی جنگ کے ہیروز کو خراج ِتحسین پیش کرنے اور اْسی قربانی، بے لوث لگن اور دلیری کے جذبے کے احیاء کے لئے منایا جاتا ہے۔ 8 ستمبر کا دن ہماری بحری تاریخ میں سنہری باب کے طور پر ہمیشہ یاد رہے گا اورنوجوان آفیسرز اور سیلرز کے لئے مشعل ِراہ رہے گا۔ آج کا دن خود اعتمادی، جرات اور اپنی آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے انتھک کوششیں کرنے کے عزم کا دن ہے۔ چیف آف نیول سٹاف نے کہا کہ عصرِ حاضر میں میری ٹائم سیکٹر کو متعدد چیلنجزکا سامنا ہے جن میں بحری قذاقی، اسلحہ اور منشیات کی غیر قانونی نقل و حمل، انسانی اسمگلنگ اور میری ٹائم دہشت گردی شامل ہیں، پاک بحریہ عالمی بحری افواج کے ساتھ مل کر اور ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول جیسے خودمختارانہ اقدام کے ذریعے عالمی پانیوں میں امن و استحکام کو یقینی بنانے میں ہمیشہ صف اوّل پر رہی ہے، گوادر بندرگاہ کی ترقی اور پاک چین اقتصادی راہداری کی فعالیت ہمیں غیر مستعمل بحری اقتصادیات سے استفادہ حاصل کرنے اور معاشی فوائد حاصل کرنے کا موقع فراہم کرے گی ، جس نہ صرف پاکستان بلکہ پورا خطہ مستفید ہو گا، پاک بحریہ اس ”گیم چینجر” منصوبے کی بحری سکیورٹی اور اس کی بار آوری میں کردار ادا کرنے کے لیے پْر عزم ہے۔