اسلام آباد۔4اکتوبر (اے پی پی):چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کا اجلاس منگل کو یہاں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن ، سنیئر افسران اور صوبائی الیکشن کمشنرزنے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ قومی اسمبلی کےنو (9) اور صوبائی اسمبلی پنجاب کے تین (3)حلقوں میں ضمنی انتخابات کا انعقاد 16اکتوبر 2022 کو ہو رہا ہے ۔ اور اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے انتظامات مکمل کر لئے ہیں ۔
اس پر الیکشن کمیشن نے اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ انتخابات کے پر امن انعقاد کے لئے الیکشن کمیشن نے پاک فوج ، رینجرز اور فرنٹیر کور کی تعیناتی کے لئے وزارت دفاع اور وزارت داخلہ کو چٹھیاں ارسال کی ہوئی ہیں اور ان سے رابطے میں ہے ۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ دونوں وزارتوں سے دوبارہ رابطہ کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے پاک فوج ،رینجرز یا فرنیٹر کور کی تعیناتی تمام حساس ترین پولنگ سٹیشنوں کے باہر ہونا ضروری ہے اس کے علاوہ بطور کیو آر ایف تعیناتی حسب معمول پہلے کی طرح ہوگی تاکہ ووٹرز کو پرامن ماحول مہیا کیا جا سکے۔
الیکشن کمیشن کو سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کراچی ڈویژن کے انتخابات کے حوالے سے بریف کیا گیا جن کا انعقاد 23اکتوبر 2022 کو مقرر ہے ۔ الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ صوبائی حکومت سندھ نے چٹھی ارسال کی ہے جس میں یہ کہا گیا ہے کہ کراچی کے بلدیاتی انتخابات کے دوران پولیس کی نفری پوری نہیں ہے اوراندرون سندھ سے بھی پولیس کی نقل وحمل ممکن نہیں کیونکہ دیگر اضلاع میں پولیس فلڈ ریلیف کی کاروائیوں میں مصروف ہے ۔ لہذا بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو تین مہینوں کے لئے ملتوی کیا جائے ۔
اس پر الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ مقررہ تاریخ پر بلدیاتی انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے اس درخواست پر بغور جائزہ لینے کے بعد صوبائی حکومت سندھ کی کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے التواء کی درخواست مستر د کردی اور کہاکہ الیکشن کے دوران امن وامان کو برقرار رکھنا صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے لہذا صوبائی حکومت کراچی ڈویژن میں الیکشن کے دوران ان اضلاع سے پولیس کی تعیناتی کو یقینی بنائے جہاں پر صورت حال بہتر ہے ۔
کراچی کے ان اضلاع میں بھی بلدیاتی انتخابات کے پرامن انعقاد کے لئے پاک فوج یا رینجرز کی تعیناتی تمام حساس ترین پولنگ سٹیشنوں پر یقینی بنانے کےلئے الیکشن کمیشن وزارت داخلہ اور وزارت دفاع سے رابطے میں ہے ۔ الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کے انعقاد کے لئے وفاقی حکومت سے 600 ملین کی رقم کے لئے تحریر کیا تھا لیکن ابھی تک یہ فنڈز الیکشن کمیشن کو مہیا نہیں کئے گئے ۔