چیف ایگزیکٹو ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد اسلم چوہدری کا اپنی ٹیم کے ہمراہ ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ ، قیدیوں کو طبی سہولیات کا جائزہ لیا

70

سیالکوٹ۔ 05 مارچ (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد اسلم چوہدری نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ کیا ۔

اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق ڈسٹرکٹ پریزن ہیلتھ کونسل سیالکوٹ نے ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ کے قیدیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے کام کا آغاز کیا گیا ہےجس کے تحت جیل کے قیدیوں کو بلا تعطل 24 گھنٹے طبی سہولیات کیلئے میڈیکل/ پیرا میڈیکل سٹاف اور ایس او پیز کے مطابق تمام ضروری ادویات کی دستیابی کے علاو ہ جیل میں قائم لیبارٹری سمیت ایکسرے اور دیگر تشخیصی آلات کو فعال بنایا گیا ہے۔

ڈسٹرکٹ سپر نٹنڈنٹ جیل بابر علی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (پی ایس )ڈاکٹر وسیم مرزا ، ایڈیشنل پرنسپل میڈیکل آفیسر علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر شکیل احمد اور جیل میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عدیل محمود بھی موجود تھے ۔

سی ای او ہیلتھ نے کہا کہ نئے قیدیوں کو جیل میں داخل ہونے کے فوراً بعد ان کی ہیلتھ سکریننگ اور ڈرگ ٹیسٹ بھی کرایا جائے ۔ انہوں نے گورنمنٹ علامہ میموریل ٹیچنگ ہسپتال کے نمائندہ کو ہدایت کی کہ وہ آنکھوں، گائنا کالوجسٹ، کارڈیالوجسٹ، سرجن اور ماہر نفسیات کو ڈیوٹی روسٹر بھی جاری کریں جیل کی ڈیمانڈ کے مطابق متعلقہ معالجین کے وزٹ کو یقینی بنایا جائے ۔

انہوں نے کہا ہیلتھ ایمرجنسی کے صورت میں ریسکیو1122 کی جانب سے ایمبولینس سروس فراہم کی جائے گی اور اس ضمن میں جیل اور ریسکیو ڈیپارٹمنٹ کے مابین معاہدہ بھی کیا جائے گا۔دورہ کے دوران انہوں نے قیدیوں سے طبی سہولیات کی فراہمی کے متعلق بھی دریافت کیا ۔