کوئٹہ۔ 03 جولائی (اے پی پی):چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان سے ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بنہاسین کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور ورلڈ بینک کے اصلاحات اور ترقی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے ایک نئے، مضبوط اور پرجوش کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (CPF) پر تعاون کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ چیف سیکرٹری بلوچستان نے صوبے کی ترقی میں عالمی بینک کے تعاون و معاونت کو سراہا۔ انہوں نے وفد کو صوبائی حکومت کے مختلف شعبوں میں اصلاحاتی ایجنڈے کے بارے میں بتایا جس میں بجٹ میں تعلیم اور صحت شعبوں کی ترقی پر توجہ، لوکل گورنمنٹ کی ترقی، زرعی شعبے میں فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ، بچوں کی نشوونما کے مسئلے کو حل کرنا شامل ہیں۔
اس موقع پر بنہاسین نے کہا کہ عالمی بینک ملک میں دس سالہ پالیسی میں پانچ مختلف شعبوں پر کام کرے گا، اس میں بنیادی صحت، متنوع غذائیت اور خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات تک بہتر رسائی، صاف پانی، صفائی کی خدمات اور حفظان صحت تک بہتر رسائی، معیاری سکولوں اور بنیادی تعلیم تک بہتر رسائی، موسمیاتی تبدیلی کے لیے مزید لچک،صاف ستھری، زیادہ پائیدار توانائی تک رسائی، فضائی آلودگی کے ذرائع کو ڈی کاربونائز کرنا، بشمول نقل و حمل اور صنعت، مزید جامع ملازمت کے مواقع، مالیاتی جگہ کو زیادہ مستحکم، پائیدار میکرو مالیاتی ماحول میں بڑھانا، پیداواری صلاحیت میں اضافہ اور برآمدات/تجارتی اشیاءمیں نجی سرمایہ کاری میں اضافہ، جامع مالیات تک رسائی وغیرہ شامل ہیں۔