کراچی۔ 17 اپریل (اے پی پی):چیف سیکرٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے کراچی میں خاتونِ پاکستان گرلز اسکول کا دورہ کیا اور کلاسز کا جائزہ لیا ،بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق اسکول کے دورے کے دوران زندگی ٹرسٹ کے بانی اور معروف گلوکارشہزاد رائے نے چیف سیکرٹری سندھ کو بتایا کہ سندھ حکومت کے تعاون سے زندگی ٹرسٹ خاتونِ پاکستان اسکول کے لئے تعلیمی سہولیات فراہم کر رہا ہے، انہوں نے بتایا کہ سندھ پاکستان کا پہلا صوبہ ہے جہاں ٹیچنگ لائسنس جاری کیا گیا ہے۔
چیف سیکرٹری سندھ نے اسکول میں تعلیم میں نئی جدت متعارف کرانے پر زندگی ٹرسٹ کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیچنگ ایک معتبر پیشہ ہے اور وہ خود بھی درس و تدریس سے وابستہ رہے ۔ انہو ں نے کہا کہ صوبے کے 30ٹیچنگ ٹریننگ اداروں کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔