لاہور۔8جنوری (اے پی پی):چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے صوبے میں تجاوزات کےخلاف جاری آپریشن تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے یہ ہدایت بدھ کو یہاں سول سیکرٹریٹ میں ڈپٹی کمشنرز کے ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی جس میں تجاوزات کےخلاف آپریشن، پرائس کنٹرول اقدامات، ستھرا پنجاب پروگرام اورکے پی آئیز کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے ڈنگہ کے علاقے میں تجاوزات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سے رپورٹ طلب کر لی۔
انہوں نے کہا کہ بازاروں میں تجاوزات کے مسئلے کے حل کےلئے ٹریفک پولیس اور بلدیہ کے عملے کی مستقل ڈیوٹی لگائی جائے، گورننس میں بہتری کا واضح فرق نظر آنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کےخلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اختیار کی گئی ہے، انتظامی افسران کرپشن میں ملوث سرکاری ملازمین کےخلاف سخت ایکشن لیں۔انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں میں کرپشن کے خاتمے سے عام آدمی کو ریلیف ملے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ستھرا پنجاب پروگرام کو کامیاب بنانے کےلئے مشینری کی کمی کو جلد پوراکیا جائے۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ اشیا ئے خورونوش کی مقررہ قیمتوں پر دستیابی ڈپٹی کمشنرز کی ذمہ داری ہے، روٹی کے مقررہ نرخوں پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے چکن کی قیمت کو اعتدال میں رکھنے کےلئے موثراقدامات کرنے سے متعلق بھی احکامات جاری کئے۔ اجلاس میں بلدیات، پرائس کنٹرول کے محکموں کے سیکرٹریز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔