فیصل آباد۔ 27 جنوری (اے پی پی):جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور خاں نے کہا کہ چیف منسٹر ہونہار سکالرشپ سکیم کے تحت جامعہ زرعیہ کے 1890 طلباو طالبات کو سکالرشپ مہیا کئے گئے ہیں جبکہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد 8ہزارکے قریب مستحق اور ہونہار طلباوطالبات کو وظائف فراہم کر رہی ہے جو انہیں علم کی پیاس بجھانے اور زندگی میں آگے بڑھنے میں مدد فراہم کرے گی کیونکہ بہت سے طلباکا تعلق کم آمدنی والے طبقے سے ہے جن کیلئے فیس ادا کرنا مشکل ہے اس لئے یونیورسٹی وفاقی وصوبائی حکومتوں اور مخیر حضرات کے مالی تعاون سے اس نیک مقصد کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
وہ انٹرلوپ کی جانب سے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے 22 انڈر گریجویٹ طلبا کو اس کالرشپ فراہم کرنے کے موقع پر اظہار خیال کررہے تھے۔اس موقع پریونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر محمد سرور خاں نے انٹرلوپ کے سپیشل سیکرٹری ٹو چیئرمین کرنل (ر)اعجاز احمد ناصر، ڈائریکٹر فنانشل اسسٹنٹں زرعی یونیورسٹی ڈاکٹر محمد اسلم اور وقار اکبر خان اسسٹنٹ ڈائریکٹرکے ہمراہ چیک تقسیم کئے۔ اعجاز احمد ناصر نے بتایا کہ انٹرلوپ نے 2018سے ابتک یونیورسٹی کے 54 طلباکی مدد کی ہے اور وہ مستحق طلباکی مدد کیلئے مزیدہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں تاکہ ذہین طلبا کو اعلیٰ تعلیم کی تکمیل میں کسی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔