فیصل آباد۔ 13 ستمبر (اے پی پی):بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ون ڈے کپ کے دوسرے میچ میں الائیڈ بینک سٹا لینز نے نورپور لائنز کو 133 رنز سے شکست دیدی، سٹالینز کے 337 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں لائنز کی ٹیم 203 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے جارہے بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ون ڈے کپ کے دوسرے میچ میں الائیڈ بینک سٹالینز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں پر 336 رنز بنائے۔بابراعظم 76، طیب طاہر74، محمد حارث55، اور حسین طلعت 50 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ قابل ذکر رہے۔
لائنز کےعامر جمال اور شاہین شاہ آفریدی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ الائیڈ بینک سٹالینز کے 337 رنز کے تعاقب میں لائنز کی ٹیم 39.3 اوورز میں 203رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔امام الحق نے 78 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔ سٹالینز کےحارث رؤف نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ ایونٹ کا تیسرا میچ (کل) ہفتہ کو لیک سٹی پینتھرز اور ڈولفنز کے درمیان کھیلا جائے گا۔