بیجنگ۔1نومبر (اے پی پی):بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے میں شاندار فوڈ اینڈ کلچرل فیسٹیول کا انعقاد کیا گیاجس کا مقصد پاکستان کی ثقافت کو اس کے لذیذ کھانوں، رنگ برنگی دستکاری اور لوک موسیقی کو موثر انداز میں پیش کرنا تھا۔
فوڈ اینڈ کلچرل فیسٹیول میں چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق اور میڈم فرح معین نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔نمائش میں پاکستان کے خوبصورت مناظر، لوگوں، تاریخی یادگاروں اور بھرپور ثقافتی ورثے کی مناسبت سے چیزیں رکھی گئی تھی۔
پاکستان میں چین کے سابق سفیر لو شولن نے اے پی پی کو بتایاکہ چین کے دارالحکومت میں خزاں کو بہترین موسم سمجھا جاتا ہے اور یہ تقریب دونوں ممالک کے عوام کے درمیان ہر موسم کی دوستی کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
پاکستانی سکالر،اردو ادب کے ادیب اور شاعر انتخاب عالم نے بھی اس تقریب میں شرکت کی اور پاکستانی ثقافت، کھانوں اور پاکستانی مہمان نوازی کی بھرپور تعریف کی۔ پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے اس تقریب کا انعقاددونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 70 سال مکمل ہونے کے موقع پر کیا گیا جس کا مقصد عوامی سطح پررابطوں اور ثقافتی افہام و تفہیم کو فروغ دینا تھا۔
تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے چینی مہمانوں، سفارت کاروں، پاکستانی کمیونٹی کے ارکان اور میڈیا کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔