چینی بحران میں ملوث عناصر کے خلاف آپریشن کامیابی کے ساتھ جاری ہے، وزیراعظم عمران خان مافیا کے خلاف جنگ میں سرخرو ہوں گے، کورونا کا خطرہ اب بھی موجود ہے، عوام احتیاطی تدابیر پر عمل جاری رکھیں، وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

وزیراعظم عمران خان نے عوام کےلئے ا بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کیا وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت اجلاس، وزیراعظم کامیاب نوجوان پروگرام کے تحت ہنر سب نوجوانوں کے لئے پراجیکٹ کا جائزہاسد عمر

اسلام آباد ۔ 11 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سابقہ حکومتوں کی طرف سے چھوڑے گئے معاشی چیلنجز کا بہادری سے مقابلہ کر رہے ہیں، 2 سال کے اندر بیرونی خسارہ 20 ارب ڈالر سالانہ سے کم کر کے 3 ارب ڈالر پر لے آئے ہیں، شوگر مافیا کے خلاف آپریشن کامیابی سے جاری ہے اور خلاف جنگ میں سرخرو ہوں گے، حکومت چینی سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، کورونا کا خطرہ اب بھی موجود ہے، عوام احتیاطی تدابیر پر عمل جاری رکھیں۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ این او سی اجلاس میں روزانہ کی بنیاد پر کورونا کے اعدادوشمار کا جائزہ لیا جاتا ہے، گزشتہ تین ہفتوں سے کورونا کیسز میں بتدریج بہتری آ رہی ہے، وباء کا خطرہ اب بھی موجود ہے اس لئے عوام احتیاطی تدابیر پر عمل جاری رکھیں۔ اسد عمر نے کہا کہ حکومت نے نیب قوانین میں بہتری کیلئے آرڈیننس لایا تھا لیکن اپوزیشن اس معاملے پر سنجیدہ نہیں ہے، اپوزیشن نیب قانون میں ترامیم کی آڑ میں 34 نکات پر مشتمل این آر او پلس مانگ رہی ہے جو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کے دور میں ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی ملک کے ساتھ جو کچھ کر کے گئے ہیں عوام کو بتاتے رہیں گے، نیب کا سارا سیٹ اپ سابقہ حکومتوں کا بنایا ہوا ہے اور نیب نے انہی کے بنائے ہوئے قانون کے مطابق شاہد خاقان عباسی کو جیل میں ڈالا تھا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ نیب ایک آزاد ادارہ ہے حکومت کی اس کے کاموں میں کوئی مداخلت نہیں ہے، حکومت کسی سے سیاسی انتقام نہیں لے رہی کیونکہ حکومتی ارکان کے خلاف بھی تحقیقات ہو رہی ہیں، اپوزیشن جماعتیں جتنا مرضی شور مچا لیں وزیراعظم عمران خان بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب کے عمل سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی چینی کی قیمتیں 100 روپے سے اوپر گئی تھیں لیکن کوئی تحقیقات نہیں ہوئیں، موجودہ حکومت نے چینی بحران کی تحقیقات کرائی ہیں، چینی مافیا کے خلاف آپریشن جاری ہے اور ان کے خلاف کریمنل مقدمات درج ہونے جا رہے ہیں اور وزیراعظم عمران خان مافیا کے خلاف جنگ میں سرخرو ہوں گے۔ اسد عمر نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے جب اقتدار سنبھالا تو 20 ارب ڈالر سالانہ بیرونی خسارہ ورثے میں ملا تھا، وزیراعظم عمران خان نے معیشت کی بہتری کیلئے سخت اور غیرمقبول فیصلے کئے اور دو سال کے دوران بیرونی خسارہ کم کر کے 3 ارب ڈالر پر لے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا نے ترقی یافتہ ممالک کی معیشتوں کو متاثر کیا ہے، امریکہ میں 4 کروڑ افراد بے روزگار ہوئے ہیں تاہم پاکستانی حکومت کی صحیح حکمت عملی کی وجہ سے کورونا نے ملکی معیشت کو کم نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راوی پراجیکٹ ایک انقلابی منصوبہ ہے جس سے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ تعمیراتی صنعت کو بھی فروغ حاصل ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کورونا کے باعث مشکل معاشی حالات کے باوجود ہائر ایجوکیشن کمیشن کے بجٹ میں ریکارڈ اضافہ کیا ہے۔