چینی معیشت کی بحالی پاکستان سمیت عالمی معیشت کے لیے مثبت، عالمی معاشی خطرات کم کرنے میں مدد دے گی،تاجر رہنما مہر کاشف یونس

مہر کاشف یونس

اسلام آباد۔16مارچ (اے پی پی):وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر اور کرغزستان ٹریڈ ہائوس کے چیئرمین مہر کاشف یونس نے کہا ہے کہ چین کی معیشت کی بحالی پاکستان سمیت عالمی معیشت کے لیے مثبت علامت ہوگی اور کسی حد تک عالمی معاشی خطرات کو کم کرنے میں مدد دے گی۔ جمعرات کو یہاں شاہد نذیر کی قیادت میں صنعتکاروں اور تاجروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب چین نے ملک کو دوبارہ کھولنے کی تیاری شروع کی تو بہت سے بین الاقوامی مبصرین نے خبردار کیا تھا کہ اس سے مہنگائی کا طوفان آئے گا۔

ان کا خیال تھا کہ تین سال تک کوویوڈ 19 پابندیوں کے بعد دنیا کی سب سے بڑی صنعتی اور ای کامرس معیشت کاروبار کے لیے دوبارہ کھل گئی تو اسے مانگ میں اضافے کے چیلنج سے نمٹنا پڑے گا اور اس کے نتیجے میں عالمی سطح پر مہنگائی کا دبائو بڑھے گا اور وہی صورتحال ہو گی جس کا امریکا اور یوروپی یونین مقابلہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یورو زون میں صورتحال خراب ہے جہاں گزشتہ ماہ نومبر میں افراط زر 11.1 فیصد کی انتہائی حد تک پہنچنے کے بعد گزشتہ ماہ 8.5 فیصد رہا۔

انہوں نے کہا کہ بحالی کا اثر اندرون ملک اجناس کی طلب اور سفر کے ذریعے پاکستان سمیت عالمی نمو پر بھی پڑے گا جبکہ بیرونی سیاحت کی بحالی علاقائی اور ہمسایہ ممالک و معیشتوں کی بحالی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ مہر کاشف یونس نے کہا کہ اس کے مثبت اثرات ان معیشتوں پر زیادہ ہوں گے جو علاقائی جامع اقتصادی شراکت داری (آر سی ای پی ) یا پاکستان سمیت روڈ ایند بیلٹ کے وسیع تر نئے تجارتی بلاک کا حصہ ہیں اور چینی معیشت کے کھلنے سے 2023 میں عالمی جی ڈی پی میں ایک فیصد اضافہ متوقع ہے۔