چینی وزیر تجارت وانگ وین تھاؤ اور امریکی وزیر تجارت جینا ریمنڈو کی وزارتی سطح کے اجلاس میں شرکت، چین امریکہ اقتصادی و تجارتی تعلقات اور مشترکہ دلچسپی کے اقتصادی و تجارتی مسائل پر تبادلہ خیال

118
چینی وزیر تجارت وانگ وین تھاؤ اور امریکی وزیر تجارت جینا ریمنڈو کی وزارتی سطح کے اجلاس میں شرکت، چین امریکہ اقتصادی و تجارتی تعلقات اور مشترکہ دلچسپی کے اقتصادی و تجارتی مسائل پر تبادلہ خیال

سان فرا نسسکو۔17نومبر (اے پی پی):چین کےوزیر تجارت وانگ وین تھاؤ اور امریکی وزیر تجارت جینا ریمنڈو نے سان فرانسسکو میں دونوں ممالک کی وزارت تجارت کے مواصلاتی میکانزم کے پہلے وزارتی سطح کے اجلاس میں شرکت کی جس کا مقصد دونوں سربراہان مملکت کی ملاقات میں طے پانے والے اتفاق رائے کو عملی جامہ پہنا نا ہے۔

چینی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں فریقوں نے چین امریکہ اقتصادی و تجارتی تعلقات اور مشترکہ دلچسپی کے اقتصادی و تجارتی مسائل پر عملی، تعمیری اور نتیجہ خیز گفتگو کی۔چینی وزیر تجارت وانگ وین تھاؤ نے اس بات پر زور دیا کہ قومی سلامتی کے دائرے کو وسعت دینے اور سیاسی رنگ دینے سے تجارت اور سرمایہ کاری پر اثر پڑتا ہے ۔

وانگ وین تھاؤ نے امریکہ کی جانب سے چین کے لیے لگایا جانے والے سیمی کنڈکٹر ایکسپورٹ کنٹرول،چینی کمپنیوں کے خلاف پابندیوں، دو طرفہ سرمایہ کاری کی پابندیوں،سیکشن 301 ٹیرف سمیت دیگر امور پر خدشات کا اظہار کیا۔فریقین نے دونوں وزارت تجارت کے تجارتی ورکنگ گروپس کی طرف سے حاصل کردہ مثبت پیش رفت کو سراہا اور دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کے لیے مخصوص تشویش کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کی وزارت تجارت آئندہ سال کی پہلی سہ ماہی میں تجارتی ورکنگ گروپ کے نائب وزارتی ڈائیلاگ کا پہلا اجلاس منعقد کریں گی، صوبائی اور ریاستی اقتصادی اور تجارتی تعاون اور تجارت اور سرمایہ کاری کی سرگرمیوں کی حمایت کریں گی۔

دونوں فریقوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے ماہرین جنوری 2024 میں انتظامی لائسنسنگ کے عمل میں تجارتی رازوں اور خفیہ کاروباری معلومات کے تحفظ کو مضبوط بنانے پر تکنیکی بات چیت کریں گے۔