چینی کی مقررہ نرخ پر دستیابی یقینی بنائی جائے،کسی کو عام آدمی کی جیب پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دینگے ،وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار

59

لاہور۔17اپریل (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت وزیراعلی آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا ،جس میں اجلاس میں آٹا،چینی اوردیگر اشیائے صرف کے نرخ اوردستیابی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پرائس کنٹرول میکانزم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعلی عثمان بزدار نے پرائس کنٹرول میکانزم مزید موثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی اہم ایشوہے، پرائس کنٹرول کے لئے موثر کارروائی کی جائے۔ رمضان بازاروں اورعام مارکیٹوں میں بھی تمام اشیا کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔چینی کی مقررہ نرخ پر دستیابی یقینی بنانے کے لئے انتظامیہ بھرپور کاوشیں کرے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو عام آدمی کی جیب پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

حالات کی وجہ سے سپلائی میں تعطل آیا لیکن اب صورتحال بہتر ی کی جانب گامزن ہے۔ عام آدمی کو ضرورت کی اشیا مقررہ نرخ پر ملنی چاہئے۔ معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، چیف سیکرٹری ،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی، سیکرٹری خوراک، سیکرٹری انڈسٹری، کین کمشنر ،ڈی جی انڈسٹری اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔