بیجنگ ۔27نومبر (اے پی پی):چین کی حکومت نے وزیر دفاع ڈونگ جون کے خلاف کرپشن الزامات کی تحقیقات شروع کر دیں ۔ اے ایف پی کے مطابق ڈونگ جون چین کے تیسرے وزیر دفاع ہیں جو کرپشن کے الزامات پر زیر تفتیش آئے ہیں ۔صورتحال سے واقف موجودہ اور سابق امریکی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے، برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے کہا ہے کہ ڈونگ کے خلاف تحقیقات فوجی بدعنوانی …
چین ،وزیر دفاع ڈونگ جون کے خلاف کرپشن الزامات کی تحقیقات شروع

مزید خبریں
بیجنگ ۔27نومبر (اے پی پی):چین کی حکومت نے وزیر دفاع ڈونگ جون کے خلاف کرپشن الزامات کی تحقیقات شروع کر دیں ۔
اے ایف پی کے مطابق ڈونگ جون چین کے تیسرے وزیر دفاع ہیں جو کرپشن کے الزامات پر زیر تفتیش آئے ہیں ۔صورتحال سے واقف موجودہ اور سابق امریکی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے، برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے کہا ہے کہ ڈونگ کے خلاف تحقیقات فوجی بدعنوانی کے خلاف چینی حکومت کی وسیع تر تحقیقات کا حصہ ہیں ۔
ڈونگ جون سابق بحری کمانڈر ہیں جن کو گزشتہ سال دسمبر میں لی شنگ فو کی جگہ وزیر دفاع بنایا گیا تھا،لی شنگ فو کے پاس یہ وزارت صرف سات ماہ رہی اور ا نکو بعد ازاں کرپشن ثابت ہونے پر حکمران کمیونسٹ پارٹی سے نکال دیا گیا ۔بیجنگ نے گزشتہ سال کے دوران مسلح افواج میں مبینہ بدعنوانی کے خلاف کریک ڈاؤن کو مزید گہرا کیا ہے، اس ماہ صدر شی جن پنگ نے فوج میں بدعنوانی کے خاتمے اور اپنی جنگی تیاری کو مضبوط کرنے کا حکم دیا ہے۔
چین کی خفیہ راکٹ فورس،جو چین کے روایتی اور جوہری دونوں طرح کے سٹریٹجک میزائلوں کے وسیع ہتھیاروں کی نگرانی کرتی ہے کو خاص طور پر سخت جانچ پڑتال کا سامنا ہے۔ جولائی میں راکٹ فورس کے ایک اعلیٰ چینی اہلکار سن جن منگ کو حکمران کمیونسٹ پارٹی سے نکال دیا گیا ،انہیں بدعنوانی ، پارٹی نظم و ضبط اور قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کے الزام میں تفتیش کے تحت رکھا گیا تھا ۔
اے ایف پی کے مطابق ڈونگ جون بارے ان کے پوچھنے پر نہ تو بیجنگ کی وزارت خارجہ اور نہ ہی واشنگٹن میں اس کے سفارت خانے نے کوئی جواب دیا ہے ۔








