چین ، ملک کے مختلف علاقوں میں منگل کو طوفان بادوباراں کے حوالے سے بلیو الرٹ جاری

بیجنگ۔3اکتوبر (اے پی پی):چین کے محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں منگل کو شدید طوفان بادو باراں کے حوالے سے بلیو الرٹ جاری کیا ہے۔چینی خبررساں ادارے نے محکمہ موسمیات کے قومی مرکز کی پیر کو جاری رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ منگل کو سیچوان، چونگ کنگ، شانسی، ہوبی، ہینان، شینڈونگ، آنہوئی اور جیانگ سو کےچند حصوں میں بارشوں کی توقع ہے، جب کہ ان علاقوں کےچند حصوں میں 150 ملی میٹر تک طوفانی بارش بھی ہو سکتی ہے، چند علاقوں میں قلیل مدتی شدید بارشیں بھی ہوں گی اوربعض جگہوں پر 50 ملی میٹر فی گھنٹہ سے زیادہ بارش، گرج چمک اور آندھی چلنے کا امکان بھی ہے۔

موسمیاتی مرکز نے مقامی حکومتوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مناسب تیاری کریں،شہروں، کھیت ، مچھلی کے تالابوں کے نکاسی آب کے نظام کو چیک کریں،اس کے ساتھ ڈرائیوروں کو بھی خبردار کیا ہے کہ وہ سیلاب اور ٹریفک جام سے ہوشیار رہیں اور سکولوں اور کنڈرگارٹنز سے طلبا کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مناسب اقدامات کیے جائیں۔چین میں چار درجے کاکلر کوڈڈ موسم کی وارننگ کا نظام ہے جس میں سرخ رنگ سب سے شدید وارننگ ،اس کے بعداورنج،یلو ،بیلو رنگ آتے ہیں۔