چین جنوبی ایشیاءمیں امن و استحکام کیلئے اپنا مثبت اور تعمیری کردار جاری رکھے گا، مسعود خالد

بیجنگ۔ 10 مارچ (اے پی پی) چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد نے توقع ظاہر کی ہے کہ چین جنوبی ایشیاءمیں امن و استحکام کیلئے اپنا مثبت اور تعمیری کردار جاری رکھے گا۔ فونیکس ٹی وی کے ساتھ اپنے ایک انٹرویو میں اتوار کو انہوں نے کہا کہ پاکستان ملک میں مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے اپنے چینی دوستوں کو ہر طرح کی ممکنہ سیکیورٹی فراہم کر رہا …

بیجنگ۔ 10 مارچ (اے پی پی) چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد نے توقع ظاہر کی ہے کہ چین جنوبی ایشیاءمیں امن و استحکام کیلئے اپنا مثبت اور تعمیری کردار جاری رکھے گا۔ فونیکس ٹی وی کے ساتھ اپنے ایک انٹرویو میں اتوار کو انہوں نے کہا کہ پاکستان ملک میں مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے اپنے چینی دوستوں کو ہر طرح کی ممکنہ سیکیورٹی فراہم کر رہا ہے اور حالیہ صورتحال سے اس پر کوئی منفی اثر نہیں پڑا ۔انہوں نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) کے پہلے مرحلے پر کام جاری ہے اور دونوں ممالک منصوبہ سے بھرپور استفادہ کیلئے مل کر کام کر رہے ہیں۔ پاکستانی سفیر نے کہاکہ سی پیک کے پہلے مرحلے میں سماجی و اقتصادی ترقی ، روز گار پیداکرنے کے مواقع بڑھانے اور لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور اس مقصد کیلئے پاکستان اور چین نے سماجی و معاشی ترقی اور غربت میں کمی ، صنعتی ترقی اور زرعی شعبہ میں تعاون کو بنیادی اہمیت دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران سی پیک کے تحت 11منصوبے مکمل کئے گئے ہیں جبکہ 22مختلف منصوبوں پر 18.9ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے اسی طرح 20نئے منصوبے بھی پائپ لائن میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں 21منصوبے شامل جن میں سے 15منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پر کام جاری ہے جس سے قومی گرڈ میں 11ہزار میگاواٹ سے زائد شامل ہوگی۔ سی پیک توانائی منصوبوں میں آبی، شمسی اور کوئلہ سے چلنے والے منصوبے شامل ہیں۔انہو ں نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں سڑک کی تعمیر کے دو بڑے منصوبے شامل ہیں جو تکمیل کے مراحل میں ہیں۔اسی طرح دونوں ممالک حویلیاں میں ڈرائی پورٹ کی تعمیر ، 1872کلو میٹر طویل ریلوے لائنوں کی آپ گریڈنگ ، گوادر پورٹ ، گوادر ایکسپریس وے ، گوادر فری زون سمیت گوادر میں بین الاقوامی ہوائی اڈے کی تعمیر سمیت ہسپتال ، فنی و پیشہ وارانہ مراکز کی تعمیر سمیت سماجی و اقتصادی ترقی سمیت بنیادی ڈھانچے اور توانائی ، ریلوے ، سڑکوں سمیت مختلف منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔