چین میںکورونا وائرس کے کیسز میں کمی، عارضی ہسپتال بندکرنے کا سلسلہ شروع ، ووہان میں 31 ہزار مریض صحت یاب ہوچکے ہیں، صوبائی حکومت

بیجنگ ۔ 9 مارچ (اے پی پی) چینی حکومت نے کورونا وائرس سے متاثرہ علاقے میں قائم عارضی ہسپتالوں کو ختم کرنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ یہ فیصلہ کورونا وائرس سے انفیکشن کے نئے کیسزکی تعداد میں ریکارڈ کمی کے باعث کیا گیا۔ چین کے سرکاری خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ووہان میں 16 میں سے 11 عارضی ہسپتال سٹیڈیم اور سکولوں میں قائم کئے گئے تھے۔ سپورٹس سینٹر اور فیکٹری میں بنائے گئے 2 عارضی ہسپتالوں میں بیک وقت 2 ہزار مریضوں کے لئے علاج کی سہولت موجود تھی، ان دونوں ہسپتالوں سے آخری روز 61 مریضوں کو ڈسچارج کیا گیا۔ صوبائی حکومت نے بتایا کہ ووہان میں تقریباً 31 ہزار مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جس پر انہیں ہسپتالوں سے گھر بھیج دیا گیا۔ قومی صحت کمیشن نے پیر کو بتایا کہ ملک بھر میں 40 نئے کیس سامنے آئے ہیں جو جنوری کے بعد سے تازہ ترین کیسوں کی سب سے کم تعداد ہے۔ زیادہ تر نئے کیسز وباءکا مرکز سمجھے جانے والے 56 ملین آبادی کے حامل وسطی صوبہ ہوبی میں سامنے آئے جبکہ 22 میں سے ایک کے سوا تمام اموات صوبہ ہوبی ہی میں ہوئیں۔ واضح رہے کہ چین میں مجموعی طور پر 80700 سے زیادہ افراد اس انفیکشن کا شکار ہوئے ۔ کورونا وائرس کے پہلے کیس کا انکشاف دسمبر میں صوبہ ہوبی کے دارالحکومت ووہان میں ہوا تھا۔ مو¿ ثر حکومتی اقدامات کی بدولت حالیہ ہفتوں کے دوران نئے انفیکشنز کی رپورٹس میں عمومی کمی آئی ہے۔ صحت کمیشن کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کا شکار 4 نئے مریض بیرون ملک سے آئے تھے ، اس طرح بیرون ملک سے آنے والے مریضوں کی مجموعی تعداد 67 ہو گئی۔دیگر ممالک سے آنے والے افراد کے کیسوں میں اضافے سے انفیکشن میں کمی کے حوالے سے جاری پیشرفت متاثر ہونے کا خدشہ ہے ، یہی وجہ ہے کہ وائرس سے متاثرہ علاقوں سے آنے والے افراد کو قرنطینہ میں رکھا جا رہا ہے۔