چین میں زیر تعلیم پاکستانی طلباء کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے،وفاقی وزیر رانا تنویر حسین

57
وزیراعظم کی ہدایت پر تعلیمی اداروں میں ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کیلئے عطیات جمع کرنے کی مہم شروع کریں گے، رانا تنویر حسین

اسلام آباد۔30مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین نے چین میں زیر تعلیم پاکستانی طلباء کے مسائل کا حل میری اولین ترجیح ہے۔رانا تنویر حسین کی زیر صدارت وزارت خارجہ،ہائر ایجوکیشن کمیشن،ایوی ایشن ڈویژن اور وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کے چینی سفارتخانہ کے ثقافتی قونصلر کے ساتھ کئی اجلاس منعقد ہو چکے ہیں تاکہ چین میں پاکستانی طلباء کی چین واپسی شروع کی جا سکے۔چین میں زیر تعلیم پاکستانی طلباء کے مسئلہ کو حل کرنے کی انہی کوششوں کے تسلسل میں 13مئی 2022ء کو وفاقی وزیر تعلیم راناتنویر حسین کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ چینی حکومت کے ساتھ رابطہ کاری کر کے پاکستانی طلباء کی چین واپسی کا عمل جلد شروع کر دیا جائے گا۔

اس ضمن میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کی طرف سے تقریباً161طلباء کی فہرست دی گئی ہے۔یہ طلباء جلد ہی پہلی دستیاب فلائٹ سے چین واپس چلے جائیں گے تاکہ وہ چین میں اپنی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھ سکیں۔وفاقی وزیر رانا تنویر نے ہدایت کی کہ چین میں پاکستانی طلباء کی واپسی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی چارٹرڈ فلائٹ کا انتظام کیا جائے۔ وزارت خارجہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ پاکستانی طلباء کو ان کے ویزوں کے ا جراء میں آسانی کے لئے سہولتیں فراہم کی جائیں ۔چینی سفارت خانے کے ثقافتی قونصلر مسٹر ڑانگ ہیچینگ نے بتایا کہ 96 ویزے جاری کیے گئے ہیں اور اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ اسلام آباد میں چینی سفارت خانہ چین کے لیے چارٹرڈ فلائٹ کے لیے چینی حکومت کی طرف سے اجازت دلوانے میں مدد کرے گا۔

فیصلہ کیا گیا کہ متعلقہ چینی حکام سے دو طرفہ آپریٹنگ خصوصی پرواز کی درخواست کی جائے گی تاکہ چین میں موجود طلباء کو بھی پاکستان واپس آنے میں سہولت فراہم کی جا سکے۔وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستانی طلباء کے مسائل انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستانی طلباء کی تشویش کو ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے گا۔

انہوں نے فورم کو ہدایت کی کہ اس پر تیزی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ ہنگامی بنیادوں پر پاکستانی طلباء کے تعلیمی نقصان کو کم کیا جا سکے۔ وفاقی وزیر نے تعاون پر چینی حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا اور پاکستان اور چین کو آہنی بھائی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے ثقافتی تبادلے سے دو طرفہ تعلقات اور تجارت میں اضافہ ہوگا۔