بیجنگ ۔ 6 ستمبر (اے پی پی) پاکستان اور چین ترقی کے نئے مرحلہ میں داخل ہونے کی تیاری کر رہے ہیں۔ چین میں پاکستان کی سفیر نغمانہ ہاشمی نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ ( سی پیک) کے تحت جاری مختلف منصوبوں کی قبل از وقت تکمیل کے بعد پاکستان اور چین دونوں ممالک اب اعلیٰ معیار کی ترقی کے نئے دور میں داخل ہونے کے لئے تیاریاں کررہے ہیں۔ پاک چین دوستی اور سی پیک کے تناظر میں بنائی گئی دستاویزی فلم ” آئرن برادرز”کی نمائش کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سی پیک کا پہلا مرحلہ کامیابی سے اپنی تکمیل کے قریب ہے اور اب دونوں ممالک اعلیٰ معیار کی ترقی کے دوسرے مرحلہ میں داخل ہونے کے لئے تیاری کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تمام متفقہ منصوبوں پر مکمل عملدرآمد اور نظام الاوقات کے مطابق ان کی تکمیل کے لئے مربوط اور متحکم کاوشیں کی ہیں جن کی قبل از وقت تکمیل کے بعد اب ہم صنعتی ترقی، زرعی جدت اور معاشی تعاون وغیرہ کے نئے مرحلہ میں داخل ہو رہے ہیں۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ سی پیک کے علاوہ پاکستان کی حکومت عوام کی فلاح بہبود اور ملک کی ترقی وخوشحالی کے لئے بھی مزید کئی اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری توجہ سماجی و اقتصادی تعاون کے ذریعے غربت کے خاتمہ، سستی رہائش گاہوں کی تعمیر، صحت، تعلیم، فنی و پیشہ وارانہ تربیت اور پینے کے صاف پانی وغیرہ کے منصوبوں پر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خطہ کے دو عظیم ممالک جنوبی ایشیاء میں ترقی اور استحکام کے لئے مل کر اقدامات کررہے ہیں تاکہ سی پیک کے ذریعے خطے کے عوام کے معیار زندگی میں بہتری لائی جا سکے۔ پاک چین تعلقات کے حوالے سے پاکستانی سفیر نے کہا کہ ہم ہر طرح کے وقت میں متحد رہے ہیں اور چین ہمارا حقیقی دوست اور تزویراتی شراکتدار ہے ۔