چین میں معاشی ترقی کے ساتھ ساتھ تعلیم کو بھی جامع طور پر فروغ دیا گیا ہے، چینی میڈیا

129

بیجنگ۔10ستمبر (اے پی پی):چین کے صدر شی جن پھنگ نے کہا ہے کہ اساتذہ کا احترام اور تعلیم کو اہمیت دینا چینی قوم کی ایک عمدہ روایت ہے ،اساتذہ نے بے شمار طالب علموں کی زندگیوں کو بدلا ہے۔چینی میڈیا گروپ کے مطابق اس بات کا اظہار چینی صدر نے منگل کو چین میں اساتذہ کے قومی دن کے موقع پر اپنے خطاب میں کیا ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کی جانب سے ملک بھر کے اساتذہ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اساتذہ کا احترام اور تعلیم کو اہمیت دینا چینی قوم کی ایک عمدہ روایت ہے اور تدریس معاشرے میں سب سے زیادہ قابل احترام پیشوں میں سے ایک ہے ،یہ سب تاریخ کا اہم حصہ بن چکا ہے،سماجی اور معاشی ترقی کے ساتھ ساتھ تعلیم کو بھی جامع طور پر فروغ دیا گیا ہے،آج انٹرنیٹ کے ذریعے دور دراز علاقوں کے بچوں کو جدید ترین تعلیمی وسائل تک رسائی حاصل ہے،اس دور میں چین نے دنیا کا سب سے بڑا تعلیمی نظام تعمیر کیا ہے اور تعلیم کی مقبولیت اور اس کی شرح میں ایک تاریخی پیشرفت حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین میں 18.918 ملین اساتذہ موجود ہیں جنہوں نے معاشرے کے تمام شعبوں کے لئے ٹیلنٹ پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کیا ہےاور بے شمار طالب علموں کی زندگیوں کو بدلا ہے۔گزشتہ برسوں کے دوران پہاڑی علاقوں میں ہزاروں لڑکیوں کی زندگی میں تبدیلیاں آئیں،یہاں سے پڑھنے والی طالبات میں سے کچھ یونیورسٹیز یا پیشہ ورانہ سکولوں میں داخل ہوئیں اور کچھ نے ملٹری اکیڈمی میں شمولیت اختیار کی ۔ ان لڑکیوں کی مدد کے لئے استاد چانگ گوئی مئی نے کل 110000 کلومیٹر سے زیادہ کا سفر کیا ہے اور 1300 سے زائد طالبات کے گھرانوں میں جاکر ان کے حالات زندگی معلوم کیے۔ان کی انتھک کوششوں سے ان طالبات نے اپنی تقدیر بدلنے کا موقع حاصل کیا