اسلام آباد۔27جنوری (اے پی پی):چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے ہانگ کانگ خصوصی انتظامی خطےمیں پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کی تقریبات کے سلسلے میں منعقدہ نمائش “پاکستان کی تاریخ، ورثے اور تنوع کی تصویری جھلک” کا افتتاح کیا۔ یہ نمائش جے ڈی بی گروپ اور ہارویسٹ ایپوک اسٹریٹجک انٹرنیشنل انویسٹمنٹ گروپ کے اشتراک سے منعقد کی گئی۔ تقریب میں چینی …
چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی کا نمائش ’’پاکستان کی تاریخ، ورثے اور تنوع کی تصویری جھلک‘‘کا افتتاح

مزید خبریں
اسلام آباد۔27جنوری (اے پی پی):چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے ہانگ کانگ خصوصی انتظامی خطےمیں پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کی تقریبات کے سلسلے میں منعقدہ نمائش “پاکستان کی تاریخ، ورثے اور تنوع کی تصویری جھلک” کا افتتاح کیا۔ یہ نمائش جے ڈی بی گروپ اور ہارویسٹ ایپوک اسٹریٹجک انٹرنیشنل انویسٹمنٹ گروپ کے اشتراک سے منعقد کی گئی۔
تقریب میں چینی بچوں کی بڑی تعداد، بالخصوص پرائمری اسکول کے طلبہ نے شرکت کی، جبکہ چائنا انٹرنیشنل کلچرل کمیونیکیشن سینٹر نے بھی بھرپور شرکت کی۔بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس منصوبہ کا تصور ابتدا میں 2020 میں پیش کیا گیا اور گزشتہ دو برسوں کے دوران اسے مزید ترقی دی گئی جس کے نتیجے میں مختلف موضوعات پر مبنی اور زمانی ترتیب میں اسّی (80) اصل کولیجز تیار کیے گئے، جن کے ساتھ چینی زبان میں تراجم بھی شامل ہیں۔
اس مجموعے کو مستقل ثقافتی تعاون کے طور پر جے ڈی بی ہانگ کانگ کے حوالے کیا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے پاکستان اور چین کے تعلقات کی پائیدار مضبوطی کو اجاگر کیا اور بتایا کہ 75ویں سالگرہ کی تقریبات کا آغاز اسی ماہ بیجنگ میں ہوا، جہاں پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اور چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے مشترکہ طور پر سالگرہ کے لوگو کی نقاب کشائی کی۔
سفیر نے کہا کہ یہ کولیجز پاکستان کی قدیم تہذیبی جڑوں، مسلم ورثے، تحریکِ آزادی، جغرافیہ اور قدرتی مناظر، تاریخی یادگاروں، مذہبی تعمیرات، فنون و علوم، کھیل، زبانوں اور عوام کے تنوع کی بصری عکاسی کرتے ہیں اور پاکستان کو ایک ہمہ جہت اور ارتقا پذیر تہذیب کے طور پر پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے پاکستان اور چین کے مابین ثقافتی ہم آہنگی، بالخصوص گندھارا آرٹ جیسے مشترکہ ورثے کا بھی حوالہ دیا۔سفیر خلیل ہاشمی نے نمائش کی میزبانی اور تعاون پر جے ڈی بی ہانگ کانگ، ہارویسٹ ایپوک اسٹریٹجک (انٹرنیشنل) انویسٹمنٹ لمیٹڈ، چائنا انٹرنیشنل کلچرل کمیونیکیشن سینٹر اور ہانگ کانگ میں شراکت دار اداروں کا شکریہ ادا کیا۔
ہانگ کانگ کے دورے کے دوران پاکستان سفیر نے چینی وزارت خارجہ کے ہانگ کانگ میں کمشنر کوئی جیان چون سے ملاقات کی۔ انہوں نے کاروباری شعبے میں بھی مختلف ملاقاتیں کیں، جن میں ہانگ کانگ ٹریڈ ڈیولپمنٹ کونسل شامل ہے، جبکہ سائبرپورٹ کا بھی دورہ کیا۔ ان تمام ملاقاتوں کا مقصد پاکستان۔ہانگ کانگ تعلقات کو پاکستان۔چین اسٹریٹجک شراکت داری کے وسیع تناظر میں مزید مضبوط بنانا تھا۔







