چین میں کورونا وائرس کے 30 مزید مریضوں کے دم توڑ جانے کی اطلاعات

بیجنگ ۔ 6 مارچ (اے پی پی) چین میں کورونا وائرس سے جمعہ کو مزید 30 مریض زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ بیرون ملک سے 16 نئے انفیکشنز کی اطلاعات ملی ہیں۔ چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن نے بتایا کہ ملک بھر میں اب تک اس بیماری سے مجموعی طور پر3042 افراد لقمہ اجل بنے ہیں جبکہ ایک روز قبل 139 کے مقابلے میں گزشتہ روز 143 نے کیسز سامنے آئے ہیں۔ چین میں اب تک 80500 سے زیادہ افراد کواس انفیکشن کا سامنا ہوا ۔ وائرس کا آغاز وسطی صوبہ ہوبی سے ہوا تھا لیکن جیسے ہی یہ وائرس بیرون ملک پھیلنا شروع ہوا ہے ، اب بیرونی مسافروں کے ذریعے ملک میں اس وائرس کی آمد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ کمیشن نے بتایا کہ اب تک چین میں بیرون ملک سے آئے مسافروں کے مجموعی طور پر 36 کیس آئے ہیں۔ یہ گزشتہ روز کے مقابلے میں 16کا اضافہ ہے۔ صوبہ ہوبی سے باہر ایک ہفتے میں 17 کیسز رپورٹ ہوئے۔ اگرچہ زیادہ تر انفیکشنز اور اموات چین میں ہی ہوئی ہیں تاہم اب جنوبی کوریا ، ایران اور اٹلی سمیت متعدد ممالک میں بھی یہ انفیکشن تیزی سے پھیل رہی ہے۔