چین نے دارالحکومت بیجنگ میں ڈرون طیاروں پر سخت پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے، جن میں شہر کے اندر ان کی فروخت پر پابندی اور کسی بھی پرواز کے لیے پیشگی اجازت نامہ حاصل کرنا شامل ہے۔
چین نےبیجنگ میں ڈرون طیاروں پر پابندی لگا دی

مزید خبریں
بیجنگ ۔30اپریل (اے پی پی):چین نے دارالحکومت بیجنگ میں ڈرون طیاروں پر سخت پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے، جن میں شہر کے اندر ان کی فروخت پر پابندی اور کسی بھی پرواز کے لیے پیشگی اجازت نامہ حاصل کرنا شامل ہے۔العربیہ کے مطابق حکام نے واضح کیا کہ نئے قواعد آئندہ جمعے کے روز سے نافذ العمل ہوں گے، جس کے تحت بیجنگ میں ای کامرس پلیٹ فارمز کے ذریعے ڈرون طیاروں کی فروخت یا ترسیل پر پابندی ہو گی۔ شہر میں ڈرون یا ان کے بنیادی پرزے لانے پر بھی پابندی ہو گی۔
مزید برآں نئے ضوابط کے تحت تمام ڈرون صارفین کے لیے کسی بھی پرواز سے پہلے پیشگی اجازت کی درخواست دینا لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ دارالحکومت کی فضائی حدود کو غیر مجاز پروازوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ان احکامات کی کسی بھی خلاف ورزی پر 10 ہزار یوآن تک جرمانہ اور ڈرون ضبط کیے جانے جیسی سزائیں رکھی گئی ہیں، جو تقریباً 2 کروڑ 20 لاکھ آبادی والے شہر میں اس شعبے کی تنظیم سازی میں غیر معمولی سختی کو ظاہر کرتی ہیں۔
حکام نے وضاحت کی ہے کہ جن مالکان نے یکم مئی سے پہلے اپنے ڈرون اپنے نام پر رجسٹرڈ کروا لیے تھے، وہ انہیں بیجنگ لانے اور لے جانے کے اہل ہوں گے، جبکہ صارفین کو مقامی پولیس اسٹیشنوں میں اپنے آلات رجسٹر کروانے کے لیے تین ماہ کی مہلت دی جائے گی۔ اس کے علاوہ ڈرونز کی تعداد کی حد بھی مقرر کی گئی ہے، جس کے تحت دارالحکومت کے چھٹے رنگ روڈ کے اندر ایک مقام پر تین سے زیادہ ڈرون نہیں رکھے جا سکیں گے۔








