اسلام آباد۔19اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہاہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کومضبوط بنانے اور معیشت کو آگے لیجانے میں کلیدی کرداراداکرے گی۔ انہوں نے یہ بات منگل کویہاں پاکستان میں چین کی ناظم الامورپانگ چون ژوئی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
وزیرمملکت خزانہ ڈاکٹرعائشہ غوث پاشا بھی اس موقع پرموجودتھیں۔نے مہمان کاپرتپاک استقبال کیااورچین کے عوام کیلئے نیک خواہشات کااظہارکیا۔چین کی ناظم الامورنے وفاقی وزیرکونئی ذمہ داریاں سنبھالنے پرمبارکبادی اورپاکستان کی نئی حکومت کیلئے اپنی نیک خواہشات کااظہارکیا۔
وفاقی وزیرنے ناظم الامورکاشکریہ اداکیا اور چین کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کوفروغ دینے کی خواہش ظاہرکی۔پاک چین اقتصادی راہداری سی پیک کوذکرکرتے ہوئے وزیرخزانہ نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کومضبوط بنانے اور معیشت کو آگے لیجانے میں کلیدی کرداراداکرے گی۔ وفاقی وزیرنے اس ضمن میں چین کومکمل تعاون اورحمایت کایقین دلایا۔
چینی ناظم الامورنے سی پیک کے ایک حصہ کے طورپراقتصادی زونز کوترقی دینے مین مکمل تعاون اورمعاونت کایقین دلایا۔انہوں نے مختلف منصوبوں میں چینی کمپنیوں کومعاونت فراہم کرنے پرپاکستان کی حکومت کاشکریہ بھی اداکیا۔