چین پاکستان تعاون کو نقصان پہنچانے کی کوئی بھی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہوگی،چینی وزارت خارجہ کی داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کےقافلے پرحملےکی مذمت

چین پاکستان تعاون کو نقصان پہنچانے کی کوئی بھی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہوگی ،چینی وزارت خارجہ کی داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے قافلے پر حملے کی مذمت

بیجنگ۔27مارچ (اے پی پی):چین نے خیبر پختونخوا میں داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے قافلے پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے اس واقعہ جلد مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ چین پاکستان تعاون کو نقصان پہنچانے کی کوئی بھی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔

چائنا گلوبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پاکستان میں داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے قافلے پر دہشت گرد حملے پر بدھ کو تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ چین اس دہشت گردحملے کی شدید مذمت کرتا ہے اور پاکستان سے اس واقعے کی جلد از جلد مکمل تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ 26 مارچ کوصوبہ خیبرپختونخوا میں چینی کمپنی کے داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے قافلے پر دہشت گرد حملے میں5چینی اور ایک پاکستانی شہری جاں بحق ہو گئے۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اس واقعے کی جلد مکمل تحقیقات کرے، قصورواروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ ترجمان نے کہا کہ ہم پاکستان سے کہتے ہیں کہ وہ پاکستان میں چینی شہریوں، منصوبوں اور اداروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے موثر اقدامات کرے۔

چین پاکستان کے ساتھ ہر ممکن کوشش کے ساتھ فالو اپ آپریشن پر کام کر رہا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ پاکستان میں چینی سفارتخانے نے چینی شہریوں اور پاکستان میں کاروباری اداروں کو مقامی سکیورٹی صورتحال پر قریبی نظر رکھنے، حفاظتی اقدامات مزید بہتر بنانے اور دہشت گرد حملوں کے خلاف اضافی حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان سدا بہار سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت دار اور آہنی دوست ہیں اور چین پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک) پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بہت زیادہ کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان تعاون کو نقصان پہنچانے کی کوئی بھی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ چین ہر قسم کی دہشت گردی کی مخالفت کرتا ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ ترجمان چینی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ چین پاکستان میں چینی شہریوں، منصوبوں اور اداروں کے مکمل تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کے ساتھ مزید مضبوطی سے کام کرے گا۔