ماسکو۔10فروری (اے پی پی):چین کا مال بردار بحری جہاز روس کے جزیرہ سخالین میں نیویلسک بندرگاہ کے قریب کم گہرائی والے پانی میں پھنس گیا۔
رشیا ٹوڈے نے روس کی ہنگامی وزارت کی علاقائی برانچ کے حوالہ سے بتایا کہ چینی جہاز میں کوئلہ اور تیل لدا ہوا ہے اور اس سے ماحولیاتی خطرات کی وجہ سے علاقے میں ہائی الرٹ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔روسی حکام کے مطابق جہاز پر عملے کے 20 ارکان موجود ہیں او ر اس واقعہ میں عملہ کا کوئی رکن ہلاک یا زخمی نہیں ہوا اور نہ ہی جہاز سے ایندھن کا رسائو ہوا ہے۔
حکام فی الحال جہاز کو دوبارہ سمندر میں دھکیلنے کے منصوبے پر کام کر رہے ہیں۔ سخالین کے گورنر ویلری لیمارینکو کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا این یانگ۔ 2 نامی چینی بحری جہاز پر بندرگاہ پر کوئلہ لوڈ کیا جا رہا تھا کہ اس دوران طوفان کی وجہ سے عملے کا بحری جہاز پر کنٹرول ختم ہو گیا اور یہ ساحل سے 200 میٹر کے فاصلے پر 2 میٹر اور 70 سینٹی میٹر کی گہرائی میں اتھلے پانی میں پھنس گیا ۔
گورنر نے مزید بتایا کہ تیز ہواؤں اور اونچی لہروں کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔حکام ایندھن کے ممکنہ رساو کے خلاف احتیاط کے طور پر کنٹینمنٹ بوم کو تعینات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔