چین کی بروقت امدادسیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے مددگارثابت ہورہی ہے ، سفیر معین الحق

163
چین میں پاکستانی سفیر نے سیچوان ایگریکلچر ایکسپو میں پاکستان نیشنل پویلین کا افتتاح کر دیا

بیجنگ۔10اکتوبر (اے پی پی):چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے کہا ہے کہ چین کی بروقت امدادسیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے مددگارثابت ہورہی ہے ‘چینی اخبار گلوبل ٹائمز کو دیئے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ چین کی مرکزی حکومت، فوج، صوبائی حکومتوں، فلاحی تنظیموں اور سرکاری و نجی اداروں کی جانب سے 640 ملین یوآن ($89.94 ملین)سے زائد مالیت کی امداد کااعلان کیاگیا جبکہ چینی عوام نے بھی سفارت خانے کےبراہ راست فلڈ ریلیف اکاؤنٹ میں عطیات دیئے ‘ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سیلاب کی صورت میں بدترین قدرتی آفات کا سامنا ہے اور چین نے ہمیشہ کی طرح اس بحرانی صورتحال سےنمٹنے کے فوری امداد فراہم کی۔پاکستانی سفیر نے کہا کہ چین کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد دونوں ممالک کی گہری دوستی کی عکاس ہے۔

چینی حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے خیموں، کمبل، کھانے پینے کی اشیا‘پانی کوپینے کےقابل بنانے والی مصنوعات اور بجلی کے جنریٹرز پر مشتمل پہلی امدادی کھیپ فراہم کر دی گئی ہے جبکہ ڈاکٹروں اور ماہرین پر مشتمل ٹیمیں بھی پاکستان بھیجی جارہی ہیں انہوں نے کہا چینی کمپنی چائنا تھری گورجز کارپوریشن کی جانب سے کروٹ ہائیڈرو پاور سٹیشن میں سرمایہ کاری کی گئی جو 1.537 بلین کلو واٹ فی گھنٹہ کی مجموعی بجلی کی پیداوار کے ساتھ بجلی فراہم کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کروٹ ہائیڈرو پاور سٹیشن چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت ایک اہم منصوبہ ہے، جس سے ہمارے قومی گرڈ میں 720میگا واٹ ماحول دوست بجلی شامل ہوئی ہے اور اس طرح ہر سال 3.5 ملین ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کو کم کرنے میں مدد ملی ہے۔ سیلاب کے باعث خوش قسمتی سے پاکستان میں چینی اداروں کی جانب سے قائم کیے کروٹ اور دیگر ہائیڈرو پاور منصوبوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ‘

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے 12ہزار میگاواٹ شمسی توانائی کے حصول کا ہدف مقرر کیا ہے جبکہ چینی اداروں کے تیار کردہ ماحول دوست بجلی کے منصوبوں نے ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے اور پاکستان کی معیشت کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور کروٹ ہائیڈوپاور اور قابل تجدید توانائی کے دیگر منصوبوں سے مقامی طور پر ہزاروں ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ انہوں نے چینی اہلکاروں اور منصوبوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ۔

انہوں نے پاکستان میں گذشتہ سال 14جولائی کو داسو ہائیڈرو پاور سٹیشن منصوبے پر ہونے والے دہشت گرد حملے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان دوستی کے مخالفین کی طرف سے کیا جانے والا گھناؤنا حملہ تیز رفتار اقتصادی ترقی کو متاثر کرنے کی ناکام کوشش تھی لیکن دونوں ممالک کی طرف سے قائدانہ عزم اور کارکنوں کی لگن کی وجہ سےتمام ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری رہا اور داسو ہائیڈرو پاور سٹیشن منصوبے پرافسوس ناک حملے کے بعد فوری کام شروع کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان چینی شہریوں کی حفاظت اور پاکستان میں سرمایہ کاری کو بہت اہمیت دیتا ہے‘ہم مل کر اپنے مخالفین کے مذموم عزائم کو شکست دیں گے۔